اسحاق ڈار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سینیٹ رکنیت بحال ہونا خوش آئند ہے، مسلم لیگی رہنما زاہد سندھو
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری زاہد لطیف سندھو کی جانب سے مرکزی رہنما اسحاق ڈار کی سینٹ آف پاکستان میں رکنیت بحال ہونے پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا سمیت دیگر عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اسحاق ڈار کی رکنیت کو بحال کیے جانے کے فیصلے کو سراہا.
اس موقعہ پر تقریب کے میزبان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری زاہد لطیف سندھو کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی سینیٹ میں رکنیت کا بحال ہونا خوش آئند ھے، اسحاق ڈار ایک منجھے ہوئے سیاست دان اور ماہر معاشیات ہیں جنھوں نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کو بہترین معاشی پالیسیوں سے ہمکنار کیا اور مہنگائی سمیت بے روزگاری پر قابو پایا ان کی مرتب کردہ پالیسیوں سے ملک میں معاشی انقلاب آیا مگر بدقسمتی کی بات ہے کہ اسحاق ڈار جیسے قابل انسان کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا.
مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے شکر گزار ہیں جنھوں نے جمہوری نظام کے منافی فیصلے کے خلاف ایک ایسا فیصلہ دیا یے جس سے جمہوری نظام کو تقویت حاصل ہوگی مگر اسحاق ڈار کے خلاف جس طرح سے موجودہ حکومت نے پروپگنڈہ کیا اور میڈیا ٹرائل کیا جسکے بعد ایک معروف میڈیا ہاوس کی جانب سے معافی بھی مانگی گئی اور حکومت اور اسکے نیچے کام کرنے والے ادارے بھی اسحاق ڈار کے خلاف ایک ثبوت پیش نہیں کر سکے جبکہ اسحاق ڈار کی جائیداد کو نیلام کرنے جیسے ہتھکنڈے بھی شامل ہیں مگر یہ سب کچھ حکومت وقت طاقت کے نشے میں کر رہی ہے اور مخالفین پر بے بنیاد الزامات لگا کر خود کو بری الذمہ قرار دینا چاہتی ہے مگر وزیراعظم عمران خان کی حکومت نا صرف نااہل ہے بلکہ کرپشن کا بازار بھی گرم کیے ہوئے ہے.
تقریب سے سردار شعیب، ناصر محمود آرائیں، مرزا منیر بیگ، راجہ یعقوب سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا.