عالم اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیت اور انٹرنیشنل ختم مؤومنٹ کے سابق مرکزی امیر فضیلۃ الشیخ حضرت اقدس مولانا عبدالحفیظ مکی ؒ کسی تعارف کی محتاج نہیں ..... آپؒ بیک وقت، محدث، فقیہہ، عالم با عمل شیخ طریقت، تصوف و سلوک کے مقتداء و پیشوا، کامیاب مدرس، محافظ ختم نبوت، زہد و تقویٰ، اخلاص و للہیت اور علم و عمل کے پیکر اور زاہد شب بیدار، فیاض و سخی، حلیم و بردار، شیخ و مربی اور مرشد کامل تھے....اللہ تعالیٰ نے آپ ؒ کو ہزاروں لوگوں کی ہدایت اور تزکیہ نفس کا ذریعہ بنایا اور پاکستان اور سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں آپ کو یکساں محبوبیت و مقبولیت عطا فرمائی....اللہ تعالیٰ نے آپؒ کو اُمت مسلمہ کے لیے تڑپنے والا دل اور برسنے والی آنکھیں عطا فرمائی تھیں آپؒ مستجاب الدعوات تھے۔۔۔۔جامعہ اشرفیہ لاہور کے ساتھ بھی آپ کو خصوصی تعلق تھا جب بھی خانقاہی و اصلاحی دورہ پر پاکستان تشریف لاتے تو جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم حضرت مولاناحافظ فضل الرحیم اشرفی مدظلہٗ اور دیگر اساتذہ و علماء سے خصوصی ملاقات کے علاوہ دورہ حدیث کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کو اجازت حدیث اور خصوصی دعاؤں سے نوازتے۔ آپؒکی تمام زندگی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، تحریر و تصنیف، دعوت و تبلیغ دینی مدارس و مساجد اور خانقاہوں کے قیام، دینی و مذہبی جماعتوں کی سرپرستی، اشاعت اسلام اور قادیانیت سمیت دیگر فتنوں کے خلاف آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد میں گزری۔ آپؒ 1946ء میں امرتسر ہندوستان میں پیدا ہوئے آپؒ کا خاندان نصف صدی قبل کشمیر سے آکر یہاں آباد ہوا تھا پاکستان بننے کے بعد آپؒ کا خاندان (لائلپور) فیصل آباد منتقل ہو گیا۔ 1953 ء میں آپؒ کے والد کو ملک عبدالاحد مکیؒ کو سعودی عرب کی شہریت مل گئی جس کے بعد آپؒ اپنے والد کے ہمراہ گھر کے دیگر افراد کے ساتھ سعودی عرب منتقل ہو گئے ..... سعودی عرب میں آپؒ نے ابتدائی عصری تعلیم حاصل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ میں قائم عالم اسلام کے عظیم دینی ادارہ مدرسہ صولتیہ اور دیگر دینی مدارس میں اپنی دینی تعلیم حاصل کی اور پھر مکہ مکرمہ سے سہارنپور (ہندوستان میں آکر) مدرسہ مظاہر العلوم میں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ اور دیگر نامور علمی شخصیات سے موقوف علیہ اور دورہ حدیث کی کتب پڑھ کر امتیازی نمبروں اور نمایاں پوزیشن کے ساتھ سند فراغت حاصل کرتے ہوئے عالم دین کے منصب پر فائز ہو گئے۔ اس سے قبل آپؒ کے والد ملک عبدالاحد مکیؒ اور خاندان کے دیگر افراد تبلیغی جماعت کے عظیم راہنما اور تبلیغی نصاب(فضائل اعمال) جیسی شہرہ آفاق کتاب کے مصنف شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ سے بیعت و مرید اور سعودی عرب میں ان کے مستقل میزبان بھی تھے اس لیے دورانِ تعلیم ہی آپ ؒ کو بھی حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی ؒکے ساتھ ایک قلبی محبت اورتعلق تھا جس کی وجہ سے آپؒ دوران تعلیم ان کے خادم خاص اور مرید تھے بعد میں حضرت مولانا محمد زکریاؒ نے آپ ؒکے اخلاص و للہیت، زہد و عبادت اور تقویٰ کو دیکھتے ہوئے نوجوانی میں ہی آپؒ کو اپنی خلافت سے نوازا اس دوران آپؒ نے اپنے شیخ و مربی حضرت مولانا محمد زکریاؒکی ہدایت پر امریکہ، جاپان، افریقہ، بنگلہ دیش اور دیگر کئی ممالک کے تبلیغی و خانقاہی سفر کیے اور پھر یہ سفر آپؒ کی زندگی کا ایسا حصہ بنے کہ آپ ؒ کو موت بھی تبلیغی و خانقاہی سفر کے دوران ساؤتھ افریقہ میں آئی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد آپؒ نے واپس مکہ مکرمہ میں آکر مدرسہ صولتیہ میں شیخ الحدیث کے منصب پر فائز ہو کر حدیث کے اسباق پڑھانا شروع کر دئیے۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ سے خلافت ملنے کے بعد آپؒ اپنے شیخ کے رنگ میں ایسے رنگے کہ پھر آپؒ بھی لوگوں کا تزکیہ نفس اور اصلاح باطن کر کے لاکھوں لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بن گئے۔ آپ ؒ اپنے شیخ حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے ساتھ سفر و حضر میں ساتھ رہتے اور رمضان المبارک میں اعتکاف ان کا ساتھ ہوتا۔ وفات سے قبل آپؒ نے راقم الحروف کا شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کی شخصیت و خدمات پر اخبارات کیلئے لکھے گئے ایک مضمون کا باالاستعاب مطالعہ کرتے ہوئے اس کی تصحیح و اضافہ فرمایا اور اس کی اشاعت کے بعد خوب دُعاؤں سے نوازا۔ آپؒ نے اپنے شیخ حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کی تصنیف کردہ کتب کو بڑے اہتمام کے ساتھ شائع اور عام کرتے رہے بالخصوص کنز المتواری شرخ بخاری 24 جلدوں میں جو کہ عربی زبان میں ہے اس کو بھی حضرت مولانا عبدالحفیظ مکیؒ نے اپنی نگرانی میں انتہائی خوبصورت انداز میں شائع کر کے عرب ممالک سمیت پوری دنیا میں عام کیا۔ آپؒ انٹرنیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے بانی اور پہلے امیر تھے جس کی منظوری مکہ مکرمہ میں خواجہ خواجگان قطب الاقطاب حضرت مولانا خواجہ خان محمد قدس اللہ سرہٗ نے دی اس موقعہ پر مسجد الحرام بیت اللہ کے مدرس شیخ حرم فضیلۃالشیخ مولانا محمد مکی حجازی حفظہ اللہ اور انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ کے موجودہ مرکزی امیر فضیلۃ الشیخ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ حفظہ اللہ اور میاں فضلِ حق احراری (مرحوم) بھی موجود تھے۔ انٹرنیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے پہلے سرپرست اعلیٰ حضرت مولانا محمد خیر مکی حجازی، امیر مرکزیہ حضرت مولانا عبدالحفیظ مکیؒ،مشیر امیر مرکزیہ فضیلۃ الشیخ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ حفظہ اللہ،نائب امیر اوّل خطیب یورپ و ایشیاء حضرت مولانا ضیاء القاسمیؒ، نائب امیر دوم ڈاکٹر احمد علی سراج، مرکزی سیکرٹری جنرل سفیر ختم نبوت مولانا منظور احمدؒ چنیوٹی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاری محمد طیب عباسی جب کہ انٹرنیشنل ختم نبوت یورپ کے امیر مولانا محمد امداداللہ قاسمی اور علامہ ڈاکٹرخالد محمود ؒ شعبہ تالیفات و تصنیفات کے ذمہ دار و نگران اعلیٰ کے منصب پر فائر ہوئے۔حضرت مولانا عبدالحفیظ مکیؒ نے 1985ء میں لندن میں پہلی انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے لندن اور پاکستان میں اس کی تیاری میں بھرپور حصہ لیا اور لندن کانفرنس میں تاریخی خطاب کیا۔ آپؒ نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے سفیر ختم نبوت حضرت مولانا منظور احمد چنیوٹیؒ، انٹرنیشنل ختم مؤومنٹ ورلڈکے موجودہ مرکزی امیر فضیلۃ الشیخ مولانا ڈاکٹر سعید عنایت اللہ مدظلہ حضرت مولانا محمد ضیاء القاسمیؒ اور علامہ خالد محمودؒ کے ہمراہ ملک و بیرون ملک کئی اسفار کیے۔ آخر کار ساؤتھ افریقہ کے ایک تبلیغی و اصلاحی سفر کے دوران ڈربن جاتے ہوئے ہوائی جہاز میں طبیعت خراب ہونے کے بعد ہسپتال میں انجوگرافی کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے16جنوری 2017ء کو انتقال کر گئے انتقال کے وقت آپ کی زبان پر قرآن کی آیت سلام قولاً من رب الرحیم اور کلمہ طیبہ کا ورد تھا۔ آپ ؒکی پہلی نماز جنازہ ساؤتھ افریقہ میں ادا کی گئی اور دوسری نماز جنازہ مدینہ منورہ مسجد نبویؐ شریف میں امام فضیلۃ الشیخ صلاح البدیر حفظہ اللہ نے پڑھائی۔
٭٭٭
پیکر رشد و ہدایت