لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا۔ ایک شخص اپنی گاڑی کئی کلومیٹر تک تیز رفتاری سے چلاتا رہا جبکہ اس کی گرل فرینڈ کا شوہر گاڑی کے بونٹ پر موجود تھا، جب یہ واقعہ رونما ہورہا تھا اس وقت خاتون بھی گاڑی میں ہی بیتھی ہوئی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سمیر نامی شخص نے اپنی بیوی کو مہیر نامی شخص کے ساتھ گاڑی میں دیکھا۔ سمیر نے اپنی بائیک کے ذریعے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن مہیر نے گاڑی چلانا جاری رکھا جس کی وجہ سے سمیر گاڑی کے بونٹ پر جا گرا۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی مرادآباد کے علاقے کٹھگڑ کوتوالی میں آگرہ سٹیٹ ہائی وے پر تیز رفتاری سے کئی کلومیٹر تک دوڑائی گئی۔ دیگر گاڑیاں جو مہیر کی گاڑی کا تعاقب کر رہی تھیں، بالآخر اسے روکنے میں کامیاب ہو گئیں، جس کے بعد سمیر اور مہیر کے درمیان تکرار ہوئی۔
سمیر کی شکایت پر پولیس نے مہیر کو گرفتار کر لیا اور اس کی گاڑی کو ضبط کر لیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔