مقبوضہ کشمیر ‘پی ڈی پی امیدوار پر پیٹرول بم حملہ،ایک لڑکی زخمی
پلوامہ(کے پی آئی) مقبوضہ وادی کے علاقہ پلوامہ میں نامعلوم افراد نے شہید پارک کی ڈیوٹی پر مامور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ پر گولیاں چلا کر اسے زخمی کر دیاجبکہ کیموہ میں پی ڈی پی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ انتخاب نورآباد عبدالمجید پڈرکی گاڑی پر پٹرول بم پھینکا گیا جس دوران ایک لڑکی زخمی ہوئی ۔ گذشتہ روز پلوامہ میں شہید پارک کی سیکورٹی پر مامور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ 50سالہ محمد رجب ڈار ولد غلام قادر ساکنہ ڈانگرپورہ پر نا معلوم افراد نے گولیاں چلائی ۔ ایک گولی سیکورٹی گارڈ کی دائیں ٹانگ میں لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوکر وہیں گر پڑا ۔گولیوں کی آواز سنتے ہی قصبے میں افرا تفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے ۔
زخمی سیکورٹی گارڈ کو فوری طور پر ضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں کی اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی جارہی ہے ۔ شہید پارک پلوامہ کو جموں و کشمیربینک نے چند سال قبل تعمیر کروایا ہے اور اس کی سیکورٹی پر مامور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ ہوتے ہیں ۔ادھر کیموہ کولگام میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم افراد نے پی ڈی پی لیڈر عبدالمجید پڈرکی گاڑی پر پیٹرول بم پھینکا جو اس کی گاڑی کے ساتھ ٹکرا کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔