مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اور بدامنی حکومت کو لے ڈوبے گی،لیاقت بلوچ

مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اور بدامنی حکومت کو لے ڈوبے گی،لیاقت بلوچ

  

لاہور(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بجلی ،مہنگائی اور بدامنی بحران ، حکومتی سطح پر انتشار اور ناکامی اور حکومتی اسلوب نوازشریف حکومت کو لے ڈوبے گا عوام مسلسل بھوک افلاس اور پریشانیوں کی طرف دھکیلے جارہے ہیں عوامی مینڈیٹ کے مطابق پانچ سال پورے کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا حق ہے لیکن حکمران اپنی حکومتوں کے لیے خود ہی گڑھے کھود رہے ہیں ۔ نوازشریف حکومت کا عملاً داخلہ ، خارجہ اور اقتصادی محاذ پر کوئی ترجیح اور واضح لائحہ عمل نہیں نندی پور پراجیکٹ پر ناکام دعوے اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی سیاہی حکومت کی الٹی گنتی کا باعث بن گئے ہیں انہوں نے یہ بات گلبرگ میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات کا نظام پاکستان میں جمہوریت اور سیاسی اقدار کے راستہ میں بڑی رکاوٹ ہے

پاپولر پارٹیوں میں ٹکٹوں کی فروخت اور بند ربانٹ ، پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہ ہونا ، موسمی اور فصلی نام نہاد ایکٹ ایبلز ، سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ، نظام انتخاب میں ہمہ گیر خرابیاں ہیںپارٹیاں رسہ گیروں ، جواری ،شرابی اور کرپٹ عناصر کو ٹکٹیں دیں تو آئین پر عملدرآمد کیسے ہو نظام کی تبدیلی اور نظام انتخاب کی اصلاح عوام کے قلب و نظر اور سیاسی انتخابی فیصلوں میں تبدیلی کے ساتھ مشروط ہیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے کراچی کی بدامنی پوری قومی معیشت کے لیے کینسر بن گئی ہے کراچی میں ٹارگٹڈ اپریشن بے معنی اور لاحاصل بنایا جارہاہے ۔

 پی پی پی نے ایم کیو ایم کو صوبائی حکومت میں شامل کر کے سیاسی بے شرمی اور کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا مظاہرہ کیاہے ۔ پی پی پی کی زرداری کی قیادت میں ڈبل گیم قومی سیاست کا بڑا المیہ ہے ۔ کراچی میں مستحکم امن اور ترقی کے لیے خصوصی پیکیج دیا جائے ۔ بلاامتیاز قانون کا نفاذ ہو ، کراچی کے تاجروں ، صنعت کاروں اور شہریوں کو تحفظ دیا جائے ۔دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر حسین عباسی نے لیاقت بلوچ سے فون پر رابطہ کیا اور کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو ایک ماہ گزر گیاہے لیکن حکومت تحقیقات کے راستہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ پاکستان عوامی تحریک پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کرے گی ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو نمائندگی کی دعوت دی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -