سندھ حکومت اور وزیر صحت میں اختلافات ،سیکرٹری صحت نے ڈاکٹر صغیر کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت اور وزیر صحت ڈاکٹر صغیر اور محکمہ صحت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں،سیکرٹری صحت نے ڈاکٹر صغیر کے احکامات ماننے سے انکار دیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وزیر صحت ڈا کٹر صغیر احمداور حکومت سندھ کے درمیان جاری سرد مہری، اختلافات میں بدل گئی ہے اور سیکرٹری صحت نے واضح طور پر ڈاکٹر صغیر کے احکامات ماننے سے نا صرف انکار کر دیا ہے بلکہ اہم معاملات کی فائلیں براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھجوائی جارہی ہے۔سیکرٹری صحت اہم امور پر احکامات بھی براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ سے ہی لے رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر صغیر اور سیکرٹری صحت کے درمیان اختلافات محکمے میں سیکرٹری صحت کی بے جا اور بار بار مداخلت سے پیدا ہوئے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ڈیپارٹمنٹ کو چلانے کے طریقہ کار پر اختلافات میں اضافہ ہواہے۔ڈاکٹر صغیر نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور دیگر رہنماﺅں کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔