ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا ضلعی عدالتوں میں جعلی ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا سخت نو ٹس

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا ضلعی عدالتوں میں جعلی ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا ...

  

       لاہور(کامران مغل)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق افتخار نے ضلعی عدالتوں میں جمع کروائے جانےوالے جعلی ضمانتی مچلکوں کا نوٹس لے لیا۔ جوڈیشل افسران کو جعلی ضمانتی مچلکوں میں ملوث عدالتی اہلکاروں اور مچلکہ ٹاﺅٹ مافیاکے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری جبکہ ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال عدالتی اہلکاروں پر ڈالنے کی بجائے جوڈیشل افسران کو خود سرانجام دینے کی ہدایت دی ہیں اور ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کےلئے جوڈیشل افسران فوراً ٹیلیفونک رابطے سے ایس پی کرائم ریکارڈ آفس سے رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔سیشن جج لاہور طارق افتخار نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جعلی ضمانتی مچلکوں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام جوڈیشل افسران ضمانتی مچلکوں اور جمع کرانےوالے کے اصل شناختی کارڈ کی خود جانچ پڑتال کریں جبکہ ضمانتی مچلکوں کا ریکارڈ انگوٹھوں کے نشانات ،دستخط ،شناختی کارڈ کی کاپی اور ضمانتی مچلکوں کی تفصیلات ایک رجسٹر پر درج کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، سیشن جج نے تمام جوڈیشل افسران کومزید ہدایات جاری کی ہیں کہ ضمانتی مچلکوں کی جانچ کی ذمہ داری عدالتی اہلکاروں پر ڈالنے کی بجائے خود ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کا کام انجام دیں تاکہ عدالتوں میں جعلی ضمانتی مچلکوں اور ٹاﺅٹ مچلکوں کا خاتمہ ہو سکے، مراسلہ میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی ضمانتی مچلکوں میں ملوث عدالتی اہلکاروں اور ایجنٹوں کے خلاف سختی سے کارروائی کی جائے ۔ یہ نوٹیفیکیشن تمام ایڈیشنل سیشن ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس کو بھجوا دیا گیا ہے۔

 

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -