وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کی ٹرانسمیشن نظام کی بہتری میں بھرپور تعاون کرے گی‘ خواجہ آصف کی یقین دہانی
پشاور(آئی این پی)وفاقی وزیرپانی اور بجلی خواجہ محمد آصف نے خیبر پختونخوا حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت صوبے میں بجلی کی ٹرانسمیشن نظام کی بہتری میں بھرپور تعاون کرے گی۔ وہ بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی صدارت میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر پیسکو حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ صوبے میں ٹرانسمیشن سسٹم کی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کو اپنے حصے کا کوٹہ نہیں مل رہا۔ وزیرعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں قائم دو سو بیس کے وی کے پانچ گرڈ سٹیشن کو جلد سے جلداپ گریڈ کریں تاکہ بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔اجلاس میں چیف سیکر ٹری خیبر پختونخوا، صوبائی سیکر ٹری خزانہ، پیسکو چیف اور جائینٹ سیکرٹری پاور پر مشتمل چار رکنی کمیٹی بنائی گئی جو صوبے کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرے گی۔اجلاس کے بعد پی ٹی وی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ محمدآصف نے کہا کہ ہم صوبے کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انکے حل کیلئے عید کے بعد دوبارہ اجلاس بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے تمام واجبات کی ادائیگی فوری طور پر کردے گی۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر صوبے میں بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے تو احتجاج کا موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔