پنجاب حکومت آئی ڈی پیز کی مکمل بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی،شہباز شریف

پنجاب حکومت آئی ڈی پیز کی مکمل بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی،شہباز ...

  

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے مالی امداد کا آغاز کر دیا ہے اوربے گھر ہونے والے افراد کو فی خاندان7ہزار روپے مالی امداد دی جارہی ہے اورانشاء اللہ بہت جلد تمام خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا کام احسن طریقے سے مکمل کرلیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے ان سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی امداد اور بحالی کے لیے وسائل میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور نقل مکانی کرنے والے آخری فرد کی بحالی تک پنجاب حکومت بے گھر افراد کی مدد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’چیف منسٹرز ریلیف فنڈ ‘‘میں عوام اور صاحب ثروت و مخیر حضرات اپنے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے کروڑوں روپے کے عطیات جمع کرا رہے ہیں ۔پنجاب کابینہ اورمسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ سرکاری ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ ’’چیف منسٹر زریلیف فنڈ‘‘ میں جمع کرائی ہے ۔ عطیہ کی گئی رقم کی ایک ایک پا ئی قومی امانت سمجھ کر نہایت دیانتداری کے ساتھ مصیبت میں گھرے افراد پر خرچ کی جا رہی ہے اور پنجاب حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے کی آزمائش سے دوچار لاکھوں بہن بھائی امداد کے منتظر ہیں اور ان کی بھر پور مدد ہمارا دینی ،ملی اور قومی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی پر مجبور ہونے والے حوصلہ مند پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اورامن و امان کے قیام کے بعدمتاثرین کی مکمل آباد کاری اور تعمیرنو کے لئے بھی تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھے اور اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرے۔ انہو ں نے کہا کہ صاحب ثروت اور مخیر حضرات’’ چیف منسٹرز ریلیف فنڈ‘‘ میں دل کھول کر عطیات دیں اور مشکل کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے خاندانوں کا ہاتھ تھام کر دنیا و آخرت کمائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو آٹا،گھی،دالیں،چینی اوردیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی،سیکرٹریز اورانتظامی افسران رمضان بازاروں کے دورے باقاعدگی سے جاری رکھیں۔وہ یہاں ویڈیولنک کے ذریعے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ صوبے بھر میں 345رمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء اور افسران رمضان بازاروں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ میں خود بھی مختلف شہروں کے رمضان بازاروں کے دورے کر رہا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ رمضان پیکیج اور رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، کوالٹی اور فراہمی کے عمل کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کو تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا ہے۔ رمضان بازاروں اور فیئرپرائس شاپس پر صرف سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے اور اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ منافع کے نام پر عام آدمی کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی اشیائے ضروریہ،سبزیوں اورپھلوں کے معیار اورقیمتوں پر کڑی نظر رکھیں،ناجائزہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے اور رمضان بازاروں کے ساتھ اوپن مارکیٹ بھی سبزیوں اور پھلو ں کی کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے اور رمضان بازاروں میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی رسد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

مزید :

صفحہ اول -