حکومت کے تمام مسائل کی اصل وجہ مشرف کے مواخذے کا فیصلہ ہے،احسن اقبال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز لیگ کے تمام مسائل کی وجہ مشرف کے مواخذے کا فیصلہ ہے۔ سابق صدر بے گناہ ہیں تو عدالتوں میں ثابت کریں۔وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام مسائل کی اصل وجہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے مواخذے کا فیصلہ ہے۔ سابق صدر کے مواخذے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم فوج کے خلاف ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے معاملے پر انتقامی کارروائی نہیں کرینگے۔ اگر پرویز مشرف کو چھوڑنا ہے تو آئین میں ترامیم کرنا ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ءکے عام انتخابات کو تمام دنیا کے مبصرین نے غیر جانبدار قرار دیا تھا۔ اب ایک سال بعد دھاندلی کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ دھاندلی ہونے پر ایک سال کا انتظار نہیں کیا جاتا، معاملہ کوئی اور ہے۔ اگر دھاندلی ہوتی تو اگلے ہی دن احتجاج شروع ہو جاتا۔ عمران خان نے انتخابات کے نتائج قبول کرکے خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بار بار لندن جانا کسی سلسلے کی کڑی ہے۔ عمران خان سیاسی انتشار پیدا کرکے قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔