حج درخواستوں کی آن لائن وصولی کا مبینہ فراڈ ، بینک منیجر سے جواب طلب

حج درخواستوں کی آن لائن وصولی کا مبینہ فراڈ ، بینک منیجر سے جواب طلب

  

لاہور(نامہ نگار خصو صی )لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری حج سکیم کے تحت آن لائن درخواستوں کی وصولی کے طریقِ کاراور مبینہ فراڈ کے خلاف درخواست پر نجی بینک کے مینجر کو تحریری طور پر جواب داخل کرانے کی ہدائت کر دی۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ بینک انتظامیہ نے مافیا سے مل کر آن لائن نظام فیل کیا اور عام شہریوں کو سرکاری حج کی سعاد ت سے محروم کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عام پاکستانیوں نے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر سرکاری حج سکیم کے تحت بینکوں میں بروقت درخواستیں جمع کرائیں مگر اسکے باوجود ان کی درخواستوں پرکاروائی نہ کی جس کی بناءپر درخواستیں مسترد ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ بینک مافیا نے حج ٹور آپریٹرز اور سیاسی سفارشات پر رشوت لی اور من پسند افراد کی درخواستوں پر کاروائی کی جنہیں وزارت مذہبی امور نے منظور کر لیا۔عدالتی حکم پر نجی بینک کے مینجر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آن لائن نظام میں گڑھ بڑھ کی بناءپر درخواستیں بروقت وصول نہیں کی جا سکیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت اس بات کا ضرور جائزہ لے گی کہ آن لائن نظام خراب ہوا یا جان بوجھ کر کیا گیا۔عدالت نے نجی بینک کے مینجرکو تحریری طور پر جواب داخل کرانے کی ہدائت کرتے ہوئے مزید سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی۔

 جواب طلب

مزید :

صفحہ آخر -