فلسطینی مائیں ،بہنیں پکار رہی ہیں، چاروں طرف خاموشی ہے:سراج الحق

فلسطینی مائیں ،بہنیں پکار رہی ہیں، چاروں طرف خاموشی ہے:سراج الحق

  

کراچی ( سٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 56اسلامی ممالک کے باوجود نہتے فلسطینی عوام اسرائیلی بربریت اور جارحیت کا شکار ہیں اور کسی نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ امت کی قیادت بزدلوں اورکرگسوں کے ہاتھوں میں ہے،چند لاکھ یہودیوں نے قبلہ اول پر قبضہ کر کے فلسطینیوں کا خون بہایا ہے،اب وقت آگیا ہے کہ امت بیدار ہو سب سے زیادہ ذمہ داری سعودی عرب پر بنتی ہے کہ وہ عالم اسلام کی قیادت کرے ۔نواز شریف فوری طور پر اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس طلب کریں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت جلسہ یکجہتی فلسطین و عوامی دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی،سیکریٹری نعیم اختر اور دیگر نے خطاب کیا۔جلسے سے حماس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد مشعل نے ٹیلی فونک خطاب کیا۔قبل ازیں مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف جوہر موڑ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کی مذمت اور نہتے فلسطینیوں سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر سراج الحق نے گلستان جوہر میں پروفیسر غفور احمد روڈ کا افتتاح بھی کیا۔سراج الحق نے کہا کہ آج ہم اس عظیم سڑک پر جمع ہیں جس کو پرو فیسر عبد الغفوراحمد کے نام سے موسوم کیا گیاہے وہ اسلام کے سچے خادم اور داعی تھے۔ فلسطینی مائیں اور بہنیں پکار رہی ہیں کہ کوئی معتصم باللہ اور کوئی صلاح الدین ایوبی ہے جو آج ہماری دادرسی کو پہنچے لیکن افسوس ہے کہ آج چاروں طرف خاموشی ہے ۔آج اس خاموشی کو توڑنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کے حکمران اور قیادت بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی مسلمانوں کی آوازپر لبیک کہیں ۔اسلامی سربراہ کانفرنس بلائیں۔سب سے زیادہ ذمہ داری سعودی عرب کی بنتی ہے کہ وہ عالم اسلام کی قیادت کریں اور اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کریں۔آج فلسطینی ،کشمیری اور دیگر مسائل اس وجہ سے ہیں کہ حکمرانوں نے اپنا قبلہ امریکہ کو بنایا ہو ا ہے حکمرانوں کو اپنا قبلہ مکہ اور مدینہ کو بنانا ہوگا۔نوازشریف فلسطین کے مسئلے پر خاموش نہ رہیں،فوری طور پر اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس طلب کریں۔ اسلام آباد کے حکمران صرف اپنا اقتدار بچانے کا سوچ رہے ہیں ،ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے،لیکن عوام غیرت کا راستہ اختیار کریں گے۔حکمرانوں کے پاس مہنگائی بد امنی لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کے خاتمے ،ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کا کوئی علاج نہیں ہے کیوں کہ یہ سرمایہ داروں وڈیروں جاگیرداروں اور امریکا کی غلامی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ڈاکٹر خالدمشعل ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ غزہ میں فلسطینی مجاہدوں نے اسرائیلی فوجیوں کو ایسا سبق سکھا یا ہے کہ وہ یاد رکھیں گے اور مزاحمت کا مظاہرہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ان کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطینی مسلمانوں کو ہر گز اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ہمارا مقصد ہے کہ ہم قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔فلسطینی اپنی مزاحمت کی تحریک کو کبھی نہیں ختم کریں گے ۔ہم امید رکھتے ہیں کہ پاکستانی عوام مردو خواتین اور نوجوان اس تحریک مزاحمت میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -