عمران خان کا لانگ مارچ آئین کے خلاف ہے ، رانا مشہود

عمران خان کا لانگ مارچ آئین کے خلاف ہے ، رانا مشہود

  

 لاہور (پ ر)صوبائی وزیر قانون و کھیل پنجاب رانا مشہود علی خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ماورائے آئین ہے اور اس سے ملک میں انتشار اور انارکی جنم لے گی اور موجودہ حالات میں ملک ایسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ آئین میں اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ موجود ہے جس کے ذریعے آئین میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔صوبائی وزیر قانون رانا مشہو داحمد خاں نے چوہدری شجاعت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اقتدار کی ہوس میں چوہدری برادران کبھی طاہر القادری اور کبھی عمران خان کا سہارا لےتے ہیں - وہ دراصل ن لیگ کے ترقیاتی ایجنڈے سے بری طرح خوفزدہ ہیں- انہو ںنے کہاکہ عوام کو احتجاج کا لانگ مارچ نہیں ترقی اور خوشحالی کا لانگ مارچ چاہےے- انقلاب کی باتیں کرنے والے بہت جلد شرمندہ اور مایوس ہوں گے - عوام 14 اگست کو منفی سیاست کرنے والوں کو بری طرح مسترد کردیں گے - عوام کے مسترد شدہ لوگ کروڑوں ووٹروں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں کرسکتے - قبل ازیں سرکٹ ہاﺅس ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی الیکشن ریفارمز کے حق میں ہے اور اس مقصد کے لئے وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے لیکن ایک سیاسی جماعت سڑکوں پر دھرنوں کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے جو خلاف آئین و غیر قانونی اقدام ہے۔

رانا مشہود

مزید :

صفحہ آخر -