لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا’ تجربہ کار قیادت ‘کا ایک اور منصوبہ

لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا’ تجربہ کار قیادت ‘کا ایک اور منصوبہ
لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا’ تجربہ کار قیادت ‘کا ایک اور منصوبہ

  

آج میں اپنے دوست کو کافی ڈھونڈنے کے بعد ملنے میں کامیاب ہوا اور ملتے ہی میں نے اسے شدید برا بھلا کہا ،یہ میرا وہی دوست ہے جس نے مجھے کہا تھا کہ ن لیگ کو ووٹ دو کیونکہ ایک پارٹی کو ہم آزماچکے ہیں یعنی پیپلزپارٹی جبکہ دوسری پارٹی یعنی تحریک انصاف تو لونڈوں کی پارٹی ہے لہٰذا صرف ایک ہی تجربہ کار پارٹی بچتی ہے اور و ہ ن لیگ ہے۔ اسے ووٹ دیں گے تو یہ ملک کو امریکہ سے بھی آگے لے جائے گی اور لاہور کو پیرس بنادے گی اور سب سے بڑھ کر لوڈشیڈنگ پر بھی قابو پالے گی۔ الیکشن سے قبل میرے دوست کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی تجربہ کار قیادت صرف ایک سال کے اندر ہی بجلی بحران کا خاتمہ کردے گی۔ مجھے اپنے دوست کی بات پر یقین نہ تھا لیکن پھر بھی میں نے اس کے کہنے پر ن لیگ کو ووٹ دیا لیکن صرف ایک سال کے اندر ہی تجربہ کار قیادت ملک کو مزید اندھیروں کی جانب لے گئی۔ آستینیں چڑھائے میں اپنے دوست پر حملہ آور ہی ہونے والا تھا کہ میرے دوست نے کہا کہ یار تم تو خواہ مخواہ غصہ کر رہے ہو،ن لیگ کی قیادت نے چند دنوں میں بجلی بحران حل کردینا ہے۔ میں ایک دم رک گیا اور اس سے خوش فہمی کی وجہ پوچھی تو وہ بولا دیکھو ملک بھر میں بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ میں نے جواب دیا تو پھر؟ اس نے کہا کہ اب دیکھنان لیگ کی تجربہ کار قیادت بارش کے دوران آسمانی بجلی کو پکڑ لے گی اور اسے عام بجلی میں تبدیل کرکے گھر گھر پہنچادے گی اور یوں بجلی بحران کا خاتمہ صرف چند دنوں میں ہوجائے گا۔ اپنی دلیل کو مضبوط کرنے کے لئے اس کا کہنا تھا کہ اگر ایک بار آسمانی بجلی کو پکڑ لیا جائے تو کم از کم ایک سال کے لئے تمام ملک کو بجلی دی جاسکتی ہے۔ اپنی بات کے وزن کو بڑھانے کے لئے اس نے کہا کہ چند دن قبل ن لیگ کے ایک تجربہ کاررہنما نے قوم سے معافی مانگی ہے لیکن ساتھ جو بارش کی بات کی ہے وہ اسی لئے ہے کہ ن لیگ نے ایک ایسا پلانٹ بنالیا ہے جو آسمانی بجلی پکڑے گا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ پلانٹ کسی انجینئر نے نہیں بنایا بلکہ اس میں ن لیگ کے بڑے بڑے تجربہ کار لیڈروں نے اپنی زبان کا حصہ ڈالا ہے۔ اپنے دوست کی بات پر مجھے یقین آگیا اور میں واپس لوٹ آیا کہ اب بس چند دنوں میں جب ن لیگ کی تجربہ کار قیادت آسمانی بجلی پکڑے گی تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔

کیا ایسا پلانٹ بناناممکن ہے؟ ہر گز نہیں۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک ابھی تک ایسا نہیں کرسکے لیکن  ہمارے لیڈروں کے لئے کسی بھی نا ممکن چیز کا وعدہ کرنا مشکل نہیں .

نوٹ: واضح رہے کہ یہ ایک تخلیقی تحریر ہے 

مزید :

بلاگ -