ملائیشین ائیر لائنز کا طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ، 295 افرادجاں بحق، ممکنہ طورپر میزائل مارا گیا

ملائیشین ائیر لائنز کا طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ، 295 افرادجاں بحق، ممکنہ ...
ملائیشین ائیر لائنز کا طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ، 295 افرادجاں بحق، ممکنہ طورپر میزائل مارا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشین ائیرلائن کا طیارہ 777 بوئنگ یوکرین میں روسی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس میں سوار 295 مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جانے والا ملائیشین ائیرلائن کا بوئنگ 777 طیارہ روسی بارڈر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تاہم روس کی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کو میزائل سے مار گرایا گیا ہے جبکہ اس میں سوار عملے کے 15 افراد سمیت 295 مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یوکرین کی وزارت داخلہ نے مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ روسی ایوی ایشن حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارہ مقررہ روٹ سے یوکرین میں داخل نہیں ہوا اور اسے مشرقی یوکرین میں 10کلومیٹر بلندی پر نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اقوام متحدہ میں روس کے مندوب نے طیارے کو مار گرائے جانے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ملائیشین ائیر لائینز نے طیارے سے آخری رابط روس کی سرحد میں ہونے کی تصدیق کی ہے۔ملائیشین وزیر اعظم نجیب رزاق نے طیارے کی تباہی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کی تباہی پر انتہائی دکھی ہوں۔ ملائیشین وزیر اعظم نےحکومتی کمیشن کو طیارے کی تباہی کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یوکرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ طیارے کو علیحدگی پسندوں نے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا ہے جبکہ علیحدگی پسندوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کو یوکرینی فورسز نے نشانہ بنایا ہے۔طیارے میں سوار مسافروں میں 153چینی ،23امریکی ،5بھارتی،7ملائشین شامل تھے۔