اسرائیلی فوج کے ہاتھوں چار معصوم فلسطینی بچوں کی وحشیانہ ٹارگٹ کلنگ

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں چار معصوم فلسطینی بچوں کی وحشیانہ ٹارگٹ کلنگ
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں چار معصوم فلسطینی بچوں کی وحشیانہ ٹارگٹ کلنگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

یروشلم (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج نے تازہ سفاکانہ کارروائی میں غزہ کے ساحل پر کھیلتے ہوئے چار فلسطینی بچوں کو بموں سے اڑادیا اور اس طرح اپنے اس شرمناک موقف کی ایک بار پھر تردید کردی کہ غزہ پر حملے حماس کے راکٹوں کے جواب میں کئے جارہے ہیں۔ بچوں کی عمریں 9 سے 11 سال کے درمیان تھیں اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ ایک فلسطینی ڈاکٹر اشرف الیکدرانے بتایا کہ بچے غزہ سٹی کے مغرب میں ایک ساحلی سڑک کے پاس کھیل رہے تھے کہ اسرائیلی جنگی کشتی نے ان پر بموں کی بارش کردی۔ شہید ہونے والے دو بچوں کے نام احد اور زکریا ہیں جبکہ باقی دونوں کا نام محمد ہے۔ معصوم بچوں پر خوفناک حملے کا یہ واقع درجنوں صحافیوں کی آنکھوں کے سامنے پیش آیا۔ صحافیوں نے بچوں کی لاشوں کو اٹھایا اور سات دیگر زخمی افراد کو بھی اٹھا کر قریبی ہوٹل میں لے گئے جہاں سے انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ پچھلے ایک ہفتے کے دوران اسرائیل کے فضائی حملوں میں تقریباً 300 بے گنا فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، ہزاروں زخمی ہیں اور غزہ کے ایک لاکھ شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی گئی ہے، جبکہ اسرائیل نے پانچ گھنٹے کیلئے جنگ بندی کا ڈرامہ کرنے کے بعد اب دوبارہ فلسطین پر توپوں کے دہانے کھول دئیے ہیں اور غزہ پر بلا تعطل آگ برسائی جارہی ہے۔