عیدالفطر کی تعطیلات میں بھی انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی،لبنیٰ فیصل

عیدالفطر کی تعطیلات میں بھی انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی،لبنیٰ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار)رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل نے کہا ہے کہ لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کینٹ کے تمام علاقوں میں بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بھی مخصوص سٹاف کے ذریعے مرحلہ وارمختلف شفٹوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عیدالفطر کیلئے مخصوص سٹاف عیدگاہوں، مساجداور پبلک مقامات پر ڈینگی لاروا سرویلنس، سپرے اور صفائی کے اقدامات یقینی بنائے گا۔



انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کنٹونمنٹ بورڈز کینٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤامتیاز احمد، ڈپٹی سیکرٹری ہائرایجوکیشن نعمان جمیل، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال، سینئر انٹامالوجسٹ، انوائرمنٹ انسپکٹرز کے علاوہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی ایچ اے، آرمی، فشریز، کوآپریٹو، صحت، تعلیم کے محکموں کے نمائندوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے لبنیٰ فیصل نے کہا کہ عیدالفطر کے مبارک موقع پر انسدادڈینگی سکواڈ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ تاہم تمام سٹاف کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے مرحلہ وار مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں مون سون میں بارش کے پانی کے نکاس، ڈینگی لاروا کی تلفی اور ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد کے حوالے سے کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیاگیا۔ ایم پی اے لبنیٰ فیصل نے ہدایت کی کہ تمام محکمے کی جانے والی سرگرمیوں کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈیش بورڈ پر لازمی طور پر ریکارڈ آویزاں کریں اور اس حوالے سے کسی سستی یاغفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔