فراڈ کا مقدمہ ، 4 ٹریول ایجنٹس کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس

فراڈ کا مقدمہ ، 4 ٹریول ایجنٹس کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نامہ نگار )سپیشل جج سینٹرل ملک عبدالرشیدملک نے 150سے زائدعمرہ زائرین سے پونے 2 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کے مقدمہ میں ملوث 4 ٹریول ایجنٹس کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے عبدالرشید نے کیس کی سماعت شروع کی تو عمرہ زائرین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 172افراد نے عمرہ کی ادائیگی کے لئے نجی ٹریول ایجنسی کے مالک تہور عباس کو پونے 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی۔ ٹریول ایجنسی کا مالک ان کے خالی پاسپورٹ اپنے دفتر کے لاکر میں رکھ لئے اوررقم لے کر فرار ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے شہریوں سے عمرہ کے نام پر پیسے بٹورنے والے گروہ کے 4 ملزمان طاہر محمود، حنا محسن، ذیشان صدیق اور عرفان کو گرفتار کر لیا ہے مگر اصل سرغنہ کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا رہی جبکہ ملزموں کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا فراڈ کے معاملہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ،انہیں بدنیتی سے مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے ۔عدالت نے چاروں ملزمان کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے حکام کو 23جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔