لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حکومتی دعوے غلط ثابت ہوئے،وسیم اختر

لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حکومتی دعوے غلط ثابت ہوئے،وسیم اختر

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے لوڈشیڈنگ میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کے تمام حکومتی دعوے جھوٹے اور ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں حکمرانوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں دیا۔آگ اگلتا سورج اور لوڈشیڈنگ میں اضافے نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ملک میں اس وقت شارٹ فال5ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرچکا ہے۔ہر گھنٹے بعد2سے3گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے عوام نے گرمی کے روزے بجلی وپانی کے بغیر گزارے ہیں۔ سحر و افطار ،نمازتراویح اور طاق راتوں میں بھی عوام کومشکلات کاسامناکرنا پڑا مگربے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کردی ہے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں سبزی،پھل،گوشت غرض سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکا ہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے کہاکہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خور،ذخیرہ اندوز اور کرپٹ مافیانے عوام کوخوب لوٹااور انتظامیہ صرف تماشادیکھنے میں مصروف رہی۔ سبسڈیزاور سستے بازاروں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایاگیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ عید کے قریب آتے ہی ٹرانسپوٹروں نے کرایے بڑھادیے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -