واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ میں اتھلیٹکس وظائف کی تعداد میں اضافہ

واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ میں اتھلیٹکس وظائف کی تعداد میں اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہو(سپورٹس رپورٹر)واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈکے تحت مختلف کھیلوں کے لئے 120 مجموعی وظائف میں سے 50 فیصد وظائف اتھلیٹکس کیلئے مختص کر دیئے گئے ہیں ، قبل ازیں اتھلیٹکس کے لئے واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ میں 12 فی صد کوٹہ مخصوص تھا۔اتھلیٹکس کے وظائف میں اضافہ کا یہ فیصلہ کھیلوں میں اتھلیٹکس کی اہمیت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ نئی سکیم کے تحت اتھلیٹکس وظائف میں سے نصف لڑکیوں کودیئے جائیں گے تاکہ کھیلوں میں نوجوان لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔اِس امر کا فیصلہ واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ کی بورڈمیٹنگ میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کی جو واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ۔بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر احمد اور کمپنی سیکریٹری شفقت رانااجلاس میں شریک ہوئے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا نے اپنی سماجی ذمہ داری کی تکمیل کے لئے سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ 2010 ء میں قائم کیا تھا، جس کا مقصد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانا ،نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولتیں مہیا کرنا اور کھیلوں کے فروغ کے لئے مالی وسائل کا انتظام کرنا تھا ۔واپڈاسپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ کی سکیم نہایت کامیاب رہی ہے اور اس سکیم کے تحت منتخب ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں ۔ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے بعد اُن کی سہولت کے لئے فٹنس ٹیسٹ پاکستان کے دس مختلف شہروں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر ، کوئٹہ ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ ، لاہور ، راولپنڈی اور پشاور میں ہوں گے ۔ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے والے کھلاڑیوں کا لاہور میں متعلقہ کھیل میں ٹرائل لیا جائے گا، جس کے بعد میڈیکل ٹیسٹ ہوگا ۔منتخب کردہ نوجوان کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس بورڈ کے کوچز متعلقہ کھیلوں کے حوالے سے ٹریننگ دیں گے اور ان کھلاڑیوں کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور کھیلوں سے متعلقہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔کوچنگ اور ٹریننگ کی سہولت اور وظیفہ اٹھارہ سال کی عمر کو پہنچنے تک دیا جاتا رہے گا۔یہ سکیم ہر سال کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے جاری رہے گی ۔