ملک بھر میں آج شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا قوی امکان

ملک بھر میں آج شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا قوی امکان

  

 لاہور(صبغت اللہ چودھری)پنجاب سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں میں آج شوال المکرم کا چاند نظر آ جائے گا، ملک بھر میں عیدالفطر کل 18 جولائی بروز ہفتہ منائی جائے گی۔شوال کا چاند جمعرات 16 جولائی(گزشتہ روز) پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 24 منٹ پر پیدا ہوا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 36 گھنٹے اور 44 منٹ ہوگی،ملک کے دیگر شہروں پشاور میں 37 گھنٹے، راولپنڈی/ اسلام آباد میں 36 گھنٹے 55 منٹ، کوئٹہ میں 37 گھنٹے 11 منٹ اور کراچی میں 36 گھنٹے 57 منٹ ہوگی جبکہ سب سے زیادہ عمر جیوانی میں 37 گھنٹے 19 منٹ اور زیارت میں 37 گھنٹے 20 منٹ ہوگی۔ دوسری جانب غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق پشاور میں 41 منٹ ، راولپنڈی ، اسلام آباد میں بھی 41 منٹ ، لاہور میں 43 منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں 50 منٹ ہوگا۔پنجاب میں چاند دکھائی دینے کا زیادہ امکان بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، لودھراں، ملتان ، مظفر گڑھ، پاکپتن، رحیم یار خان ، راجن پور اور وہاڑی میں ہے جبکہ موسم صاف ہونے کی صورت میں چاند موسیٰ خیل، اور ژوب کے علاوہ بلوچستان کے تمام اضلاع اور سندھ کے تمام اضلاع میں با آسانی نظر آ جائے گا اور اس طرح آج 18 جولائی 2015 ء بروز ہفتہ منائی جائے گی۔خیبرپی کے میں چاندنظر آنے کا دعویٰ سراسر غلط ہے کیونکہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت کم از کم 19 گھنٹے ، غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق کم از کم 40 منٹ، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری نہ ہو۔16 جولائی (گزشتہ شب ) کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں ساڑھے 13 گھنٹوں سے بھی کم تھی۔ گزشتہ شب غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے وہ 8 منٹ سے بھی کم تھا جبکہ چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ جو کم از کم 6 ڈگری ہونا چاہیے وہ ایک ڈگری سے زائد نہیں تھا جبکہ چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ جو کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے تھا وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 ڈگری تھا لہٰذا چاند جمعرات (گزشتہ روز) ٹیلی سکوپ سے بھی دکھائی دینا ممکن نہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -