پاکستان کے خلاف جارحیت پر بھارت کا شیرازہ بکھر جائیگا،پیپلزپارٹی

پاکستان کے خلاف جارحیت پر بھارت کا شیرازہ بکھر جائیگا،پیپلزپارٹی

  

کراچی(آئی این پی) پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی‘ نواب وسان ‘ سردار رفیق احمد خان جمالی‘ فقیر شیر محمد بالالانی اورثریا جتوئی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی ایڈونچر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے ورنہ اس کے اپنے ٹکڑے ہوجائینگے ۔ بھارت میں سب سے بڑی علیحدگی کی تحریک ’’ خالصا تحریک‘‘’’ ماؤ تحریک ‘‘اور اسی طرح تقریباً ساڑھے چار سو علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں لیکن بھارت اپنے اندرونی جھگڑوں کو دنیا سے چھپانے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے ۔ جمعرات کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی‘ نواب وسان ‘ سردار رفیق اور دیگر نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز کارروائیاں پاکستان کے صبر کا امتحان ہیں اور اگر پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو بھارت تاریخ کی کتاب میں کہیں گم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے جاسوسی طیارے کی پاکستانی حدود میں پرواز عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی جسے پاکستان کی غیور افواج نے منہ کے بل گرادیا۔انہوں نے آج ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جارحانہ فائرنگ اوراشتعال انگیزی کے نتیجے میں 4پاکستانیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیکر اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اب بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں سر زمین پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پرظلم و ستم بند کرے اور انہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے عین مطابق حق خودرادیت ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -