برما سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا مسلم اُمہ پر فرض ہے،حافظ سعید

برما سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا مسلم اُمہ پر فرض ہے،حافظ سعید

  

 لاہور( نمائندہ خصوصی )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ سعید نے کہا کہ برما سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا مسلم امہ پر فرض ہے۔ جماعۃ الدعوۃ انڈونیشیا میں پناہ گزین برمی مہاجرین میں عید پیکج تقسیم کر رہی ہے۔ متاثرین کیلئے سحروافطار کے ساتھ ساتھ شیلٹرز ہوم کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران عیدالفطر کے ایام برمی مہاجرین کے ساتھ گزاریں گے۔عید الفطر پر مہاجر کیمپوں میں خصوصی کھانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ہم برمی مسلمانوں کی امداد کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں برمی مسلمانوں کے نمائندہ وفد کو عید پیکج اور نقد امداد کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرروہنگیا سالڈیریٹی آرگنائزیشن (آر ایس او)اراکان برما کے پاکستان میں نمائندہ نورحسین اراکانی، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف ، نورالبشر اراکانی ودیگر موجود تھے۔فلاح انسانیت کی جانب سے برمی وفد کو نقد امداد کے علاوہ عید پیکج کے تحت نئے ملبوسات، بچوں کے کھلونے اور دیگر اشیائے ضروریہ دی گئیں۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ نے کہاکہ رمضان المبارک میں انڈونیشیا ہجرت کر کے آنے والے برمی مسلمانوں کے کیمپوں میں ہزاروں افراد کے سحر وافطار کا بندوبست کیا گیا۔اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا امدادی سامان برمی مہاجرین میں تقسیم کیا جاچکا ہے جس میں خشک راشن،برتن، بستر، چولہے و دیگر گھریلو سامان، فرسٹ ایڈ کٹس اور واٹر ڈسپنسروغیرہ شامل تھے۔ انڈونیشیا میں جماعۃالدعوۃ 50لاکھ روپے مالیت سے 120شیلٹرہوم (عارضی گھر)بنا کر برمی مسلمانوں کے حوالے کرچکی ہے۔اسی طرح مہاجر کیمپوں میں مساجد کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ انڈونیشیا میں برمی مسلمانوں کیلئے ایک ہزار سے زائدشیلٹر ہوم بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عید الفطر کے ایام اور بعد میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔روہنگیا سالڈیریٹی آرگنائزیشن(آر ایس او) کے پاکستان میں نمائندہ نور حسین اراکانی نے حافظ محمد سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ برمی مسلمانوں کیلئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں۔جماعۃالدعوۃنے ہر مشکل وقت میں مظلوم برمی مسلمانوں کی مددکا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بودھ دہشت گردوں کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پربدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن اقوام متحدہ سمیت کسی بین الاقوامی ادارے یا این جی او کی جانب سے ان کی امداد نہیں کی جارہی۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہاکہ برما کے مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا ہم اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہیں۔

حافظ سعید

مزید :

صفحہ آخر -