شاہدرہ ٹاؤن ،30 سالہ شخص نے پھوپھی زاد بہن کو قتل کر کے خود کشی کر لی

شاہدرہ ٹاؤن ،30 سالہ شخص نے پھوپھی زاد بہن کو قتل کر کے خود کشی کر لی

  

 لا ہور (کر ائم سیل ) شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں 30سالہ شخص نے اپنی 25سالہ پھوپھی زادبہن کو قتل کرکے خودکشی کرلی ہے۔مقتولہ گلنازایک بچی کی ماں اور 7ماہ کی حاملہ تھی، دونوں رشتہ داروں میں کسی بات پرکچھ عرصے سے تناؤ چل رہا تھا۔اشفاق ساہیوال کا رہائشی تھا،وہ گذشتہ روز صبح کے وقت اپنی پھوپھی کے گھر پہنچا جہاں اشفاق اور کزن گلنازکے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر اشفاق نے مشتعل ہوکر گلناز کو گولی مارکر قتل کردیا اور خود بھی موقع پر ہی خودکشی کرلی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں قبضے میں لیکر کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے کسی طرح کی کارروائی کیلئے کوئی بھی درخواست موصول نہیں ہوئی۔مقتولہ کی والدہ نے ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ وقوعہ کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس وجہ سے اشفاق نے گلناز کو قتل کر کے خود کشی کی ہے۔ مقتولہ کے سوتیلے باپ اعظم نے بتایا کہ مقتولہ کی والدہ سے میری دوسری شادی ہے اور گلناز میری سوتیلی بیٹی تھی جس کی شادی میں نے اپنے بھائی سے کر دی تھی ۔ اشفاق اس سے قبل بھی گلناز کو اپنے ساتھ لے کر ساہیوال چلا جا تا تھا کیونکہ اشفاق مقتولہ کے ماموں کا بیٹا تھا، اس لئے ہمیں اس بات پر اعتراض نہ تھا ۔

مزید :

علاقائی -