فردوس عاشق اعوان کا متضاد بیان پیپلزپارٹی کا نوٹس لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے متضاد بیان کی وجہ سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے نوٹس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک میڈیا بیان میں کہا تھا کہ پیپلزپارٹی میرا گھر ہے اور اپنے گھر کو کوئی چھوڑنا نہیں چاہتا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹی سے میرا نکاح نہیں ہوا کہ میں اس کو چھوڑ نہیں سکتی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی پنجاب کی نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جو پارٹی نے منظور نہیں کیا لیکن اب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان میڈیا پر مختلف قسم کے بیانات دے رہی ہیں جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے نوٹس لئے جانے کا امکان ہے۔