شمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیا ہ منانے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا خیرمقدم

شمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیا ہ منانے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ...

  

اسلام آباد ،سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیری عوام پر مظالم میں انہتا کردی ہے اور صورتحال کوچھپانے کیلئے ریاست کی ہرطر ح کی ناکہ بندی کردی ہے انہوں ان حالات میں پاکستان کی سیاسی قیادت ،عوام اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی اذیت ناک صورتحال اور زمینی حقائق پاکستانی عوام کے ساتھ عالمی دنیا کے سامنے رکھیں تاکہ پاکستانی قوم اور عالمی دنیا بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم و جبروقہر سے باخبر ہوجائیں ، حکومت پاکستان کے 19 جولائی کو یوم سیا ہ منانے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں، سرینگر سے پاکستا نی قوم کے نام اپنے تحریری پیغام میں سید علی گیلانی نے حریت کمانڈر برہان وانی اور درجنوں کشمیریوں کی شہادت کے بعد ریاست کی صورتحال کو انتہائی گھمبیر قراردیا انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پچھلے سات دہائیوں سے بھارتی استبدار اور جبر و مظالم کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں پچھلے چھبیس سال کے عرصہ میں بالخصوص ایک لاکھ سے زائد لوگ شہید کر دیئے گئے اور ہزاروں کی تعداد میں بزرگ و نوجوان بھارتی تعذیب خانوں میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے گئے ہیں۔ دس ہزار لوگ بھارتی فورسز نے گرفتار کر کے لاپتہ کر دیئے ہیں۔ہمارے ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت تار تار کر دی گئی ہے۔کھربوں روپے مالیت کی املاک خاکستر میں تبدیل کر دی گئی اور تاایں دم بھارتی فورسز کی جانب سے بربریت اور سفاکیت کا سلسلہ جاری ہے جس کی تازہ مثال کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد گزشتہ چار دنوں کے اندر ہمارے 42 نونہالوں کو شہید کر دیا گیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو زخمی کردیا گیا ہے جس میں ایک سو کے قریب ایسے کم سن نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جو آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔ان حالات میں مظلوم کشمیری قوم کی اﷲ سبحانہ و تعالیٰ کے بعد تمام تر امیدیں اورنظریں ارض پاک کی سیاسی قیادت،عوام اور وہاں کے سرکاری وغیر سرکاری اداروں پر مرکوز ہے کیونکہ یہ ملک دنیا بھر کے مسلمانوں اور خاص کر ملت اسلامیہ کشمیر کے لیے نہ صرف غیر معمولی اہمیت کا حامل ملک ہے بلکہ یہ ان کی امیدوں اور آرزؤں کا مرکز ہے اور وہ اس کی طرف محبت اور عقیدت کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی حق خودارادیت کے حصول کے لئے تحریک ازادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے ،چیرمین حریت کانفرنس نے حکومت پاکستان کے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 19جولائی کو یوم سیاہ منانے کے اعلان اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان کشمیر پر ٹھوس موقف اختیارکرکے اس کے فور ی حل کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کرے گا، انہوں نے پاکستانی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی اذیت ناک صورتحال اور زمینی حقائق پاکستانی عوام کے ساتھ عالمی دنیا کے سامنے رکھیں تاکہ پاکستانی قوم اور عالمی دنیا بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جارہے ہیں مظالم و جبر و قہر سے باخبر ہو جائیں۔ انہوں نے آخر پر دعاء کی اﷲ رب کائنات مملکت خداداد پاکستان کو بھی اﷲ نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں سمیت اپنی امان میں رکھے اور اندرونی و بیرونی شرپسندوں سے بھی محفوظ رکھے(امین)

مزید :

عالمی منظر -