پانچ تھانوں کے 50پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج مبشر ندیم نے قتل کے مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر 5تھانوں کے 50اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔فاضل جج کی عدالت میں قتل کے کیس زیرسماعت ہیں، جن میں پولیس اہلکار بطور گواہ پیش ہوتے ہیں۔ اہلکاروں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے قتل کے متعدد کیس التوا میں پڑے ہیں۔ عدالت نے پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا لیکن عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے تھانہ چوہنگ، کاہنہ، نصیرآباد، نشترکالونی اور مناواں کے 50پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
، عدالت نے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے پیش کریں ۔