،بغاوت ناکام بنانے پر ترک صدر مبارکباد کے مستحق ہیں،میاں مقصود

،بغاوت ناکام بنانے پر ترک صدر مبارکباد کے مستحق ہیں،میاں مقصود

  

لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ترکی میں فوجی بغاوت کو ناکام بنانے پر ترک صدر طیب اردوان اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بے مثال قربانیاں پیش کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔ ترک عوام کی جمہوریت کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور آئندہ کسی طالع آزما کو ترکی سمیت کسی بھی مسلمان ملک میں مارشل لاء کی جرأت نہیں ہوگی۔ پوری پاکستان قوم جمہوریت پسند ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں مقصوداحمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ترکی کے عوام نے جس طرح فوجی ٹینکوں کے سامنے انسانی زنجیر بنا کر جرأت کا مظاہرہ کیا ہے اور 60سے زائد افراد نے قربانی دی ہے وہ قابل تحسین اور قابل رشک ہے۔ کچھ مغربی قوتیں اور امریکہ نہیں چاہتا کہ ترکی اور پاکستان سمیت دوسرے اسلامی ممالک میں اسلام کے نام لیوا برسر اقتدار آئیں اس لیے وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں ہمیں ان کے خلاف اتحاد کامظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ترکی عالم اسلام کا ایک خود مختار اور سرگرم رکن ملک ہے جو ہر مشکل گھڑی میں مسلمانوں کے حقوق پر دنیا میں آواز بلند کرتا آرہا ہے۔ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم سے لے کر برما میں قتل عام اور کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ترک صدر اور عوام نے ہمیشہ بھر پور ساتھ دیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -