حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے ، شہباز شریف

حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے ...

  

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ورلڈ بینک گروپ کی ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) کی ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیکو ہنڈا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔جس میں ورلڈ بینک گروپ کی ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی(میگا) کی ایگزیکٹونائب صدر کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم اور انڈسٹریل پارکس میں سرمایہ کاری کے لئے معاونت فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہارکیاگیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیکو ہنڈا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے کئی شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ صحت ، تعلیم ، صنعت اور دیگر شعبوں میں ان کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہپنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے قریبی تعاون سے کام کریں گے ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جاندار معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت پہلے سے بہت زیادہ مستحکم ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں ۔ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام ہو رہا ہے ۔اگلے برس کے اختتام تک توانائی منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہونے سے زراعت، صنعت اور دیگر شعبے ترقی کریں گے اور سالانہ ترقی کی رفتار میں دوفیصد اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل سے بھی توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ موٹر وے کے قریب پاکستان کا پہلا اپیرل پارک قائم کیا جا رہا ہے ۔ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے شعبہ کی فنانسنگ کے لئے علیحدہ ادارہ بنانے کے لئے میگا جائزہ لے ۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد،ذکیہ شاہنواز، آصف سعید منہیس، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز،سینئرنائب صدرلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الماس حیدر اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکی میں ہونے والی بغاوت ترکی کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازش تھی اور ترک عوام نے اپنے اتحاد اور جذبہ حب الوطنی کے ذریعے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں اپنی اور پاکستان کے عوام کی طرف سے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ترکی کے وزیراعظم بن علی ایلدریم (Mr. Bin Ali Yildirim) دیگر قیادت اور عوام کو جمہوریت کے خلاف سازش کی ناکامی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ترکی میں جمہوریت کے خلاف سازش کی ناکامی اس امر کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ ترکی کے عوام اپنے صدر رجب طیب اردوان اور جمہوریت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا شعار ہے اور سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -