کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت برداشت نہیں کرینگے،آصف کرمانی

کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت برداشت نہیں کرینگے،آصف کرمانی

  

ہجیرہ(اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت اور بربریت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، 20 جولائی کو بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا، کشمیری عوام آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے 21 جولائی کو شیر پر مہر لگائیں، خوشحال اور روشن کشمیر دے گا‘ نواز شریف جدیداور ترقی یافتہ پاکستان کے معمار ہیں، بلاول بھٹو اگر پاکستان کی تاریخ سے ناواقف ہیں تو آزاد کشمیر آنے سے قبل کم ازکم کشمیر کی تاریخ پڑھ لیا کریں، ہزار سال جنگ کے نعرے لگانے والوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سے دوطرفہ مسئلہ بنایا دیا جبکہ نواز شریف نے بین الاقوامی فورم اور اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو دوبارہ اجاگر کیا۔ نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے یہ معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں ہجیرہ میں سراڑی کے مقام پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پیر علی رضا بخاری اور امیدوار حلقہ ایل اے 18 ہجیرہ سردار خان بہادر خان نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پورا آزاد کشمیر کشمیریوں کی طرح خوبصورت بھی ہے اور پیارا بھی ہے، الیکشن کا دور دورا ہے ۔ کچھ روز قبل مودی سرکار کی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے 40 دلیر، بہادر اور حوصلہ مند آزادی کے متوالوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ تم کتنے برہان وانی مارو گے ہر گھر سے برہان وانی نکلے گا۔ یہ غنڈہ گردی ہم ہر گز ہر گز برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس بربریت کی شدید مذمت کی اور یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان کے مندوب کو کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جانے مظالم کو فوری طور پر اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف وزیراعظم نے اجلاس بلایا اور اجلاس میں جو مناظر سکرین پر دکھائے گئے ان کو دیکھ کر وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام شرکاء اشکبار ہو گئے ۔

کرمانی

مزید :

صفحہ آخر -