ترکی کا مسلح بغاوت سے جمہوری طاقت کیساتھ نمٹا مسلم دنیا کیلئے نیک شگون ہے: پرویز رشید

ترکی کا مسلح بغاوت سے جمہوری طاقت کیساتھ نمٹا مسلم دنیا کیلئے نیک شگون ہے: ...

  

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ترکی دنیا کا پہلا مسلم ملک ہے جس نے مسلح بغاوت کو جمہوری طاقت کے ساتھ نمٹا ہے جو پوری مسلم دنیا کیلئے نیک شگون ہے اور ترکی اس بات کیلئے مبارکباد کا مستحق ہے، پاکستان کے عوام نے چار مرتبہ مارشل لاء کا سامنا کیا لیکن ایسا کوئی بھی شخص آپ کو نہیں ملے گا جو آمریت کا نفاذ چاہتا ہو، پاکستان کی قوم جمہوریت کیلئے متحد ہے ، جمہوریت سے ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے،آمریت کے مقابلہ میں جمہوریت نے ہی پاکستان کو آئین دیا ہے جو آج بھی وفاق کی سلامتی اور ہمارے اتحاد کی نمائندگی کرتا ہے، جمہوریت نے پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ ہفتہ کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یقیناً دنیا بھر کی عوام اور ہمارے خطہ کے عوام مسلم دنیا کے عوام سبھی اپنے لئے اس حق کو حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ تبدیلی اپنے ووٹ کے ذریعہ سے لائیں اور وہ اپنے وقت پر تبدیلی کو لائیں اور تبدیلی بیلٹ بکس سے برآمد ہو بلٹ سے تبدیلی نہیں آئے ، عوام استحکام کیلئے تگ و دو کرتی رہتی ہے، یہ ترکی کے عوام نے مثال قائم کی ہے جو تمام جمہوریت پسند عوام کیلئے حوصلے کا سبب ہے اور قابل تقلید بھی ہے قابل تعریف بھی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی و زیر نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک اپنی پالیسی قومی مفاد میں بناتا ہے اور دنیا کے ہر ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ قومی مفاد میں اپنی خارجہ پالیسی بنا ئے ہے اور پالیسی دراصل اندرونی ضروریات کے مطابق ہی بنتی ہے، آپ کی اندرونی ضرروریات امن چاہتی ہیں ،ترقی چاہتی ہیں ،خوشحالی چاہتی ہیں اور دنیا کا ہر ملک اپنے ملک میں امن ، ترقی و خوشحالی اور قومی آزاد و خود مختاری کو قائم رکھنے کیلئے اپنی خارجہ پالیسی کو ترتیب دیتا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت نے ڈیلیور کیا ہے، پاکستان کے عوام نے ایک دفعہ نہیں چار دفعہ طویل ترین مارشل لاء کا سامنا کیا ہے، ہماری قومی زندگی کے تقریباً 40 سال ایسے ہیں جب ہمیں آمریت کا سامنا رہا ، آمریت نے ان چالیس سال میں کیا خدمت کی،پاکستان دو لخت ہوا، پاکستان دہشت گردی کا شکار بنا، پاکستان اندھیروں میں ڈوبا جبکہ آمریت کے مقابلہ میں جمہوریت نے ہی پاکستان کو آئین دیا ہے جو آج بھی وفاق کی سلامتی اور ہمارے اتحاد کی نمائندگی کرتا ہے، جمہوریت نے پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے، یہ جمہوریت کا ہی ثمر ہے کہ آج ہم دہشت گردی کے چنگل سے باہر نکلے ہیں اور دہشت گردوں کو ختم کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوتے جا رہے ہیں، یہ جمہوریت کا ہی ثمر ہے کہ آج پاکستان کی معیشت تیز رفتار ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور دنیا کے وہ تمام ادارے جو معاشی ترقی کے اہداف کو جانچتے ہیں پاکستان کی تعریف کرتے ہیں اور پاکستان کے مستقبل کو روشن گردانتے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر جو 23 ارب ڈالر سے بڑھ چکے ہیں جو پچھلے 70 سال کی بلند ترین سطح ہے، پاکستان میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں، دنیا کی سب سے بڑی سرمایہ کاری 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں چین سے آئی ہے اور دوسرے ملک بھی چین کی پیروی کرتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، یہ سب جمہوریت کے ہی ثمرات ہیں، آمریت نے تو پاکستان کو کچھ نہیں دیا۔

مزید :

صفحہ آخر -