سیاسی وابستگیاں رکھنے والے کمیشن اراکین کو قبول نہیں کیا جائیگا: سراج الحق

سیاسی وابستگیاں رکھنے والے کمیشن اراکین کو قبول نہیں کیا جائیگا: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ترکی کے صدر طیب اردگان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنی منتخب قیادت کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے فوجی بغاوت کو ناکام بنا دیا ہے جس سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ حقیقی جمہوری قیادت کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ مصر میں عالمی استعمار نے منتخب حکومت کا تختہ گرا کر ثابت کیا ہے کہ وہ اسلامی ممالک میں عوامی قیادت کو آگے آنے کا موقع نہیں دینا چاہتا ۔ وہ دن دور نہیں جب سیسی اپنے عبرت ناک انجام سے دوچار ہوگا اور صدر مرسی دوبارہ اقتدار سنبھالیں گے ۔ پانامہ لیکس کو معمولی معاملہ سمجھنے والے خود فریبی کا شکار ہیں ،عوام کرپشن اور کرپٹ قیادت کو مزید برداشت نہیں کریں گے ۔ملک کے اربوں ڈالر لوٹ کر بیرونی بنکوں میں منتقل کرنے والے قومی مجرم ہیں ،انہیں احتساب کے کٹہرے میں آنا پڑے گا۔موجودہ اور دو سابقہ حکومتوں کا آڈٹ ہوگا اور لٹیروں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ملک میں غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ حکمرانوں کی بدیانتی اور کرپشن کی پیداوار ہے ۔الیکشن کمیشن سیاسی وابستگیاں رکھنے والوں کو قبول نہیں کریں گے ۔کشمیر پر حکومت کے ڈانواڈول موقف نے عوام کو مطمئن نہیں کیا ۔جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور انہیں وراثت میں حق دلانے کے ساتھ ساتھ تعلیم ،صحت اور گھریلو دستکاریوں کیلئے بنکوں سے بلاسود قرضے دلائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طالبات پنجاب کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کشمیر پر حکومت کے کمزور موقف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی موقف نے پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ کشمیر یوں کو بھی سخت مایوس کیا ہے ۔ایک طرف کشمیری عوام پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے بزدل اور امریکی ڈکٹیشن پر چلنے والے حکمران مودی سے دوستی کے سحر میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر 45نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کردیا گیا ہے ،دوہزار سے زائد زخمیوں کو ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں نہیں دی جارہیں ۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں بچوں اور خواتین کو بھی بھارتی قابض فوج نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیا ہے ،سینکڑوں لوگوں کی آنکھوں کو ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بنا کر ان کی بینائی چھین لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر ریاستی مظالم کے سامنے کشمیری عوام جرأت اور استقامت کا پہاڑ بنے ہوئے ہیں اور عالمی برادری کو پیغام دے رہے ہیں کہ وہ آزادی کے مطالبے سے کسی قیمت پر دستبردار نہیں ہونگے ۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -