بھارتی فوج کشمیریوں کے قتل عام کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہے: حافظ سعید

بھارتی فوج کشمیریوں کے قتل عام کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہے: حافظ ...

  

لاہور(خبرنگار خصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف 19جولائی کو لاہور سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں کا اعلان کیاہے جو 20جولائی کو اسلام آباد پہنچے گاجہاں ڈی چوک پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔بھارتی فوج کشمیریوں کے قتل عام کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ ہندوستان سے آلو پیاز کی تجارت سمیت ہر قسم کے سفارتی وتجارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ بھارتی بربریت میں امریکہ بھی برابر کا شریک ہے۔ پاکستان فی الفورسلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر اس مسئلہ کو اٹھائے۔ غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کشمیری عوام کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ مظلوم کشمیریوں کو راشن اورادویات پہنچانے کے علاوہ ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھجوانے کی بھی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بھارت کی طرح امریکہ بھی کشمیریوں کے قتل عام کا ذمہ دار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی چینلز کی نشریات بند کر کے انڈیاکشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے۔ پاکستان میں بھی ہندوستانی چینلز اور انڈین فلموں پر پابندی لگائے۔پاکستانی قوم کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہو۔مسلم ممالک اور چین کو ساتھ ملا کر کشمیریوں کیلئے مضبوط آواز بلند کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مسئلہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال کے حوالہ سے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ اور محمد یحییٰ مجاہد بھی موجود تھے۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔ اس حوالہ سے پہلے مرحلہ میں لاہور سے اسلام آباد تک کشمیرکارواں ہو گا جو 19جولائی کو مسجد شہداء مال روڈ سے شروع ہو گاجس میں ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیر ی قیادت سمیت تما م شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوں گی تا کہ ہم کشمیریوں کو پیغام دے سکیں کہ مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس بڑے قافلے کو منظم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔اس میں ہر طبقے کو شامل ہونا چاہئے۔کشمیر کا مسئلہ کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں،یہ دنیا اور اس خطے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

حافظ سعید

مزید :

صفحہ آخر -