اسد کھرل کی گرفتاری و رہائی، قائم علی شاہ وزیرداخلہ سندھا ور رینجرز کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے سرگرم

اسد کھرل کی گرفتاری و رہائی، قائم علی شاہ وزیرداخلہ سندھا ور رینجرز کے ...

  

کراچی (اے این این ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ دو روز قبل لاڑکانہ میں رینجرز کی تحویل سے اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث بااثر شخصیات کے مبینہ فرنٹ مین اسد کھرل کو رینجرز کی تحویل سے چھڑانے کے معاملے پر صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لئے میدان میں آگئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں لاڑکانہ میں سکیورٹی فورسز اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال کے درمیان پیش آنے والے واقعہ پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال ، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر داخلہ سندھ کو لاڑکانہ سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی لایا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے لاڑکانہ واقعہ پر وزیر اعلی سندھ کو بریفنگ دی۔ انہوں نے قائم علی شاہ کو وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے سرکاری معاملات میں مداخلت کی شکایت بھی کی۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اسد کھرل نامی ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے کارروائی کی جس میں طارق سیال نے رکاوٹ ڈالی۔ اسد کھرل واقعہ کا مرکزی ملزم ہے جو متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔ ڈی جی رینجرز نے واضح کیا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ واقعہ سے رینجرز آپریشن متاثر نہیں ہو گا، ملزمان کی گرفتاری کے لئے حکومت سندھ ہر ممکن تعاون کریگی۔ لاڑکانہ میں پیش آنے والے واقعہ نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کو مشکل میں ڈال دیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سہیل انور سیال کو تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے امن و امان کی مجموعی صورت حال، اویس شاہ اغوا اور امجد فرید صابری کے قتل سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے امن و امان قائم رکھنے کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ اسد کھرل پر سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال سمیت اہم شخصیت کے فرنٹ مین کے طور پر جانا جاتا ہے۔ رینجرز نے 2 روز قبل لاڑکانہ میں اسد کھرل کو اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتارکیا تھا لیکن علاقے کی کچھ بااثرشخصیات کے نجی گارڈز اور پولیس کی مدد سے ملزم کو رینجرز کی حراست سے چھڑالیا گیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -