آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان مینمعیشت بہتر ہو رہی ہے ، سرتاج عزیز

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان مینمعیشت بہتر ہو رہی ہے ، سرتاج عزیز

  

اسلام آباد( ما نٹرنگ ڈیسک )مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان میں معیشت بہتر ہو رہی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے مواقع پیدا ہوگئے ہیں جبکہ یورپی یونین کے خارجہ امور کے نمائندہ،پرتگال ،رومانیہ اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں پر پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ اپنے ممالک کی جانب سے تجارت ، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور وسکیورٹی پالیسی فیڈریکا ، پرتگال ، رومانیہ اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے اے ایس ای ایم اجلاس کے دوران ملاقات کی اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور اہم کردار کو تسلیم کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان کی مضبوط معاشی پالیسیوں کی بھی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی نمائندہ مس فیڈریکا نے پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے خدمات اور افغانستان میں قیام امن کے لئے کوششوں کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی کوشش جاری رکھے گا۔ رومانیہ ، پرتگال اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ کے ساتھ ملاقات میں مشیر خارجہ نے اس بات پر زوردیا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول بہتر ہو گیا ہے۔سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔ وزراء خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تجارت، تعلیم اور ثقافت کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ مشیر خارجہ نے کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ پر بھی زوراور ملاقات میں پاکستان کی نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں رکنیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -