کوہاٹ سے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،1 سمگلر گرفتار
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر مسافر گاڑی سے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔انڈس ہائی وے مسلم آباد چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران میاں والی جانے والی مسافر کوچ سے مختلف قسم کی 10کلو گرام منشیات برآمد کرکے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش نے پولیس کاروائی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کوہاٹ انڈس ہائی وے مسلم آباد کے مقام پر قائم پولیس چیک پوسٹ کے انچارج اے ایس آئی قیوم جان پولیس نفری کے ہمراہ معمول کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس اثناء میں پشاور سے پنجاب کے شہر میاں والی جانے والی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا جسمیں سوار ایک مشکوک شخص کے قبضے سے پولیس نے مجموعی طور پر دس کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اورافیون برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔پولیس نے منشیات سمیت گرفتار ملزم کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم منشیات پنجاب کے شہروں کو سمگل کرنا چاہتا تھا جسکا ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں مختلف اوقات میں بڑی کامیابیاں بھی حاصل کرلی گئی ہیں تاہم نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے عوام بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے پولیس کیساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔