پولیو کے قطرے پلوانا اہم قومی فریضہ ہے ،کمشنر ڈیرہ

پولیو کے قطرے پلوانا اہم قومی فریضہ ہے ،کمشنر ڈیرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر نذیر نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے تدارک کیلئے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا ایک اہم قومی فریضہ ہے، جس کیلئے اپنے معاشرے کے تمام افراد اور متعلقہ اداروں کو اپنی کوششیں بروئے کار لانی چائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ڈیر ہ ڈویژن بشمول جنوبی وزیرستان 25تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، ٹانک، APAساؤتھ وزیرستان ایجنسی ، ایجنسی سرجن ڈاکٹر عباس، سیکرٹری ٹو کمشنر ملک منصور قیصر، ڈی ایچ او، EPIانچارج ڈاکٹر عارف محمود، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو گزشتہ پولیو مہموں کے اہداف کے حصول کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ریفیوزل کیسز سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ د ی گئی۔ اس موقع پر کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ معاشرے کے تمام طبقات کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفیوزل کیسز کے خاتمے کیلئے ایک باقاعدہ میکانزم تیار کیا جائے اور خصوصی توجہ دی جائے۔ کیمیونٹی کے تمام افراد میں اس بات کا شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر حکومت کی انسداد پولیو مہم کی کوششوں میں ہاتھ بٹائیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کے تمام افراد کو اس بات پر قائل کیا جائے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو ہماری نسلوں کو اپاہج بنا دیتا ہے۔ عمر بھر کی معذوری ان کے بچوں کا مقدر بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام اداروں کو باہمی تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے، غفلت اور کوتاہی برداشت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے نظام پر کڑی نظر رکھی جائے، پولیو مہم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔