تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں،اقبال چنڑ
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرریجنل پولیس آفس میں قانون کی حکمرانی،کرائم کے سد باب اور پولیس کی کارکردگی میں بہتری کیلئے ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر احسان صادق کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفیسر اور ریجن بھر کے پارلیمنٹرین کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ صوبائی(بقیہ نمبر28صفحہ12پر )
وزیرکوآپریٹیوملک اقبال چنڑ نے بہاولپور ریجن میں کرائم کی شرح کم ہونے پر اطمینان کااظہار کیا اوراس سلسلہ میں کئے جانے والے آر پی او کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی لانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کیا جا سکے۔ایف آئی آر میں تاخیر کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سے فریقین میں اشتعال بڑھتا ہے اور انتقامی کاروائیاں جنم لیتی ہیں جو کہ معاشرہ میں بگاڑ اور جرائم میں اضافہ کا باعث بنتی ہیں۔ پولیس میں نچلی سطح پر کرپشن کا عنصر موجود ہے جس کے سدباب کیلئے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہیں۔ڈاکٹر احسان صادق ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ پولیس کسی بھی جمہوری معاشرے میں پارلیمنٹ جوڈیشری اور منتخب نمائندگان کے ذریعے عوام کو جواب دہ ہے۔بہاولپور پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔تھانہ کلچر میں تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے VROsکی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جنہوں نے ایک سال کے عرصہ میں 50ہزار سے زائد مختلف نوعیت کے معاملات حل کروا کے سائلین کوفوری انصاف فراہم کیا ہے۔ساتھ ہی ساتھ بہاولپور پولیس نے دیگر سماجی برائیوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپناتے ہوئے منشیات فروشوں، قحبہ خانوں ،جواء وغیرہ اورسنگین جرائم کے خلاف بھر پورکریک ڈاؤن کیا ہے جس کی وجہ سے رواں سال میں قحبہ خانوں منشیات فروشو ں کیخلاف ریکارڈ مقدمات درج کرکے بھاری مقدار میں منشیات،شراب قبضہ میں لی ہے۔میٹنگ میں سرفراز احمد فلکی ڈی پی او بہاولپور، گوہر مشتاق بھٹہ ایس ایس پی آر آئی بی، ایم پی اے افضل گل،ایم پی اے قاضی عدنان فرید،ایم پی اے کاظم پیر زادہ ،ایم پی اے اعجاز شفیع،ایم پی اے میاں اسلام اسلم، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی،ایم پی اے حسینہ بیگم بھی موجود تھے۔