اندرون شہر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن،پختہ تھڑے،کھوکھے مسمار،مزاحمت پر پولیس طلب

اندرون شہر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن،پختہ تھڑے،کھوکھے مسمار،مزاحمت پر ...

  

ملتان(خبرنگار)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ملتان و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نادر چٹھہ کے حکم پراندرون شہر سمیت مصروف شاہراؤں اور چوکوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز چاروں ٹاؤنز نے اپنی حدود میں بھاری مشینری اور اضافی عملے کے (بقیہ نمبر40صفحہ7پر )

ساتھ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں سامان قبضے میں لے لیا۔ اس موقع پر پختہ تھڑے اور متعدد کھوکھے بھی مسمار کر دیئے گئے۔ خصوصی ٹیموں نے ٹی ایم اوز کی سربراہی میں گلگشت، 9 نمبر چونگی، ممتاز آباد، ڈبل پھاٹک، حسین آگاہی، پرانا شجاع آباد روڈ اور گلشن مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا ۔ قبل ازیں مختلف قابضین کی جانب سے مزاحمت پر ٹاؤن انتظامیہ نے موقع پر پولیس طلب کر کے قانونی کارروائی بھی کی۔ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے تجاوزات آپریشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت نے شہر کو ناجائز قابضین سے نجات دلانے کا بیڑہ اٹھار رکھا ہے ٹریفک بہاؤ کو رواں رکھنے کیلئے کسی کو ایک انچ بھی تجاوزات کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤنز کو اضافی سٹاف اور مشینری حاصل کر کے آپریشن کا دائرہ بڑھانے کا ٹاسک دیا ہے جلد ہی شہر کی اصلی حالت بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو آپریشن کی براہ راست نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور چھوٹے دکانداروں کو تنگ کرنے کے بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -