ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، شہری ذہنی اذیت میں مبتلا

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرنے ...

  

ملتان،وہاڑی،میلسی، مظفر گڑھ،جتوئی،راجن پور،صادق آباد،احمد پورشرقیہ(سٹاف رپورٹر،خبرنگار خصوصی ،نمائندگان)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرنے لگا صارفین کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوگیا تفصیل کے مطابق میپکو گارڈن ٹاؤن کے شیر شاہ فیڈر کے علاقے میں وولٹیج کی شدید کمی کا سلسلہ جاری ہے ‘ گھریلو ٹرانسفارمرز پر کمرشل کام جاری ہیں‘ مختلف زرعی ٹیوب ویل بھی گھریلو ٹرانسفارمرز پر چل(بقیہ نمبر35صفحہ7پر )

رہے ہیں جس کے باعث یہ مسئلہ درپیش ہے مگر ایس ڈی اور نے اس حوالے سے اقدامات نہیں کئے ‘ میپکو ذرائع کے مطابق اگر میپکو سب ڈویژن گارڈن ٹاؤن کے تمام کنکشن چیک کئے جائیں تو صورتحال واضح ہوجائے گی۔علاوہ ازیں ملتان سمیت میپکو ریجن میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 19گھنٹے تک پہنچ گیا‘ملتان میں 6گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے مگر مرمت و بحالی کے نام پرشیڈول کے علاوہ مسلسل 4گھنٹے مزید بجلی بندکی جارہی ہے جس کے باعث ملتان شہر کے بعض علاقوں میں مجموعی طور پر 10گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے ‘نواحی علاقوں میں تو بہت ہی بری صورتحال ہے ‘ 24گھنٹوں میں بجلی محض 5گھنٹے ہی دستیاب ہوتی ہے۔دریں اثناء ملتان سمیت میپکو ریجن میں وولٹیج کی کمی کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا ‘ بعض علاقوں میں وولٹیج اتنے کم ہیں کہ پانی کی موٹریں اور فریج تو درکنار ‘پنکھے بھی کام نہیں کرتے اور صارفین کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔علاوہ ازیں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ ٹرپنگ کی صورتحال بدترین ہو گئی ہے ‘ مختلف علاقوں میں ہر 15سے 20منٹ کے بعد ٹرپنگ سے صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ نہ تھم سکا ہے۔دن اور رات میں کسی وقت بھی گیس کی سپلائی منقطع کردی جاتی ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں شالیمار کالونی‘ ایم ڈی اے چوک‘ پرانا شجاع آباد روڈ‘ معصوم شاہ روڈ‘ جلیل آباد‘ شریف پورہ‘ ممتاز آباد حسن آباد گیٹ نمبر 1اور 2‘ قیصر آباد‘ قذافی چوک‘ پیراں غائب روڈ‘ سمیجہ آباد‘ مدنی چوک‘ گلشن مارکیٹ‘ شاہ رکن عالم‘ گجرکھڈا،حسن پروانہ،حرم گیٹ،دہلی گیٹ ،پاک گیٹ ،لو ہاری گیٹ،منظور آباد۔کینٹ۔گھنٹہ گھر،،ڈبل پھا ٹک،و لائیت آباد ۔سمیت شہر کے اندرون و بیرون علا قوں میں رات 9بجے کے بعد کسی وقت بھی گیس کی سپلائی منقطع کردی جاتی ہے جبکہ چند ایک جگہوں پر گیس کی سپلائی تو بحال ہوتی ہے مگر اتنی گیس بھی نہیں ہوتی کہ چائے کا کپ بھی بنایا جاسکے۔ جس کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ مظفرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق مظفرگڑھ خان گڑھ اور گردونواح میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے بجلی کی بندش سے شہریوں کے معاملات زندگی متاثر ہو رہے ہیں ۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ،نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے عوام پریشان جبکہ واپڈا حکام نے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صارفین کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو نے لگا جس کی وجہ سے تاجروں کے کا روبار بری طرح متاثر ہونے لگے اورجس پرعوامی وسماجی اور شہری حلقوں محمدافضل ، اختر حسین ، اکبر ڈوگر، رانا اجمل ، ما جد رشید، ذوالفقار علی، غلام مرتضیٰ اور ارشد ورک ودیگر نے احتجاج کر تے ہوئے کہا کہ جب تک بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوتا ہر طبقہ پریشان ہے۔حکومت فی الفور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے۔میلسی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غیر اعلانیہ لو ڈشیڈ نگ میں پھر اضافہ ہوگیا چیف ایگز یکٹیو آ فیسر میپکو ملتان ریجن کے غیر ملکی دورہ پر روانگی کے بعد گرڈ سٹیشن میلسی سے بجلی کی سپلائی بند ہونے پر دریافت کیا جائے تو آ ر سی سی اسلام آ باد اور مین سپلائی بند ہونے کاعندیہ دیا جاتا ہے ہر ایک گھنٹے بعد بجلی کی بندش میں ہر طبقہ فکر کے افراد کو زبردست متاثر کیا ہوا ہے ۔جتوئی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے نمازیوں کو بے حال کر دیا جتوئی شہر و دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا ۔ پانی نہ ہونے کی وجہ سے نمازی مشکلات کا شکار ۔ بجلی بند ہونے سے شہری شدیداحتجاج کرتے ہو ئے کہا حکومت سینکڑوں افراد بے ہوش شدید گرمی سے ہسپتالوں میں مریضوں کار ش نظر آتا ہے لیکن واپڈا اور حکومت میں بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کرا سکی ۔ راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور شہر میں مسلسل سات گھنٹے بجلی کی طویل اور غیراعلا نیہ لوڈ شیڈ نگ پر شہری بلبلاء اُٹھے ،روزمرہ کی لوڈ شیڈ نگ اس سے علاوہ ،واپڈا حکام راجن پور کے شہریوں کے صبر کا امتحان نہ لیں ایک طرف سخت حبس وگر می جبکہ اوپر سے واپڈا کی لوڈشیڈ نگ نے بے حال کردیا ہے عوامی وشہری حلقوں نے اس موقع پراحتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا حکام ترس کھائیں ۔صادق آباد سے تحصیل رپورٹر کے مطابق سیاسی سماجی مذہبی عوامی شہریوں میں سابق کونسلر چوہدری عاشق ٗ امین باجوہ ڈاکٹر طارق سعید ٗ بشیر احمد بھٹی ٗ امان ملانہ و دیگر نے بتایا کہ سوئی گیس بھر پور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔کئی کئی گھنٹے سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے محکمہ سوئی گیس کیلئے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔احمد پور شرقیہ سے سٹی رپورٹر کے مطابق احمدپور شرقیہ اور گردو نواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ وولیٹیج کی کمی بیشی اور فیڈرز کی ٹرپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے اکثر و بیشتر الیکٹرونکس اشیاء جل جاتی ہیں شدید گرمی میں صارفین پریشان ہیں۔ شہریوں مبشر ہاشمی ‘عبدالحمید‘ ذیشان شافی‘ اور فیض محمد عباسی نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور وولٹیج کی کمی بیشی پر بھی قابو پایا جائے۔

لوڈ شیڈنگ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -