رحمان ملک کا اقوام متحدہ کے ہائر کمشنر برائے انسانی حقو ق کو خط، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف اقوام متحدہ کے ہائر کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھ دیاہے جس میں بھارتی مظالم پر تحقیقات کمیشن بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رحمان ملک نے خط کے متن میں کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ،کئی برسوں سے یہ ظلم جاری ہے لیکن انسانی حقوق کے ادارے خاموش ہیں ،کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔انہوں نے خط میں مطالبہ کیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے ۔
دوسری جانب لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں ،مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بھارت کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرے ،احتجاجی مظاہرے میں کشمیری رہنما شوکت مقبول بٹ بھی شریک ہیں ۔