ملک کسی اور مارشل لا کا متحمل نہیں ہو سکتا، ٹی او آرز نہ بنے تو متحدہ اپوزیشن سے مل کر لائحہ عمل بنائینگے: یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اب کسی مارشل لا یا آمریت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔آئین مضبوط ہوتا تو پاناما لیکس کا معاملہ بھی حل ہوجاتا۔پاناما لیکس کے معاملے پر اگر ٹی اوآرز نہ بنے تو متحدہ اپوزیشن سے مل کر لائحہ عمل طے کرینگے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر پارٹی نے جو سٹینڈ لیا ہوا ہے وہ متحدہ اپوزیشن کا سٹینڈ ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے آئین کی شکل ہی بگاڑ دی ہے۔ہم نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملات کو آئین کے مطابق چلانے کی کوشش کی۔بدقسمتی سے وزیراعظم نواز شریف نے ایسا نہیں کیا۔ ہمارا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے۔ہمارے دور میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کامیاب رہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے خلاف کیسز پندرہ سال بعد اب پبلک اکاونٹس کمیٹی کے پاس بھیجے گئے ہیں۔ میں ان کیسز میں باعزت بری ہو چکا ہوں۔اس سے اس ملک کا قانون آپ دیکھ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان کی زندگی میں اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں میں کبھی پریشان نہیں ہوا۔اداروں پر تنقید سے بہتر ہے کہ ہم خود کو ٹھیک کریں۔