حکومت کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء تک انڈیا سے تمام تعلقات اور معاہدے معطل کر دے :سینیٹر سراج الحق

حکومت کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء تک انڈیا سے تمام تعلقات اور معاہدے معطل ...
حکومت کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء تک انڈیا سے تمام تعلقات اور معاہدے معطل کر دے :سینیٹر سراج الحق

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک بھارتی فوج کشمیر سے نکل نہیں جاتی،حکومت بھارت کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات اور معاہدات معطل کر دے ،حکومت فوری طور پر وزیر خارجہ کا تقرر کرے ،محض مذمتی قرار دادوں اور یکجہتی کے بیانات سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے سینیٹر سراج الحق نے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر ایک ہوجائیں اور کم از کم 15دن کیلئے اپنے ذاتی اور مقامی ایشوز کو بھول کر کشمیر یوں کے قتل عام کو رکوانے اور کشمیر کی آزادی کیلئے متحد ہو جائیں۔وزیر اعظم ،آصف زرداری ،عمران خان اور مولانا فضل الرحمن سمیت قومی قیادت کو کشمیر کے مسئلہ پر متفقہ قومی موقف کے ساتھ ایک صف میں کھڑے نظر آنا چاہئے۔کشمیر ی تکمیل پاکستان اور پاکستان سے الحاق کیلئے بھارتی قابض فوج کی گولیوں بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کا پتھروں سے مقابلہ کررہے ہیں جبکہ ہمارے حکمران محض تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 15دن تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے تمام پروگرامات کا محور مسئلہ کشمیر کو بنائے گی۔اس سلسلہ میں 24جولائی کو اسلام آباد ،راولپنڈی میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے لاکھوں لوگ احتجاجی مارچ کریں گے،29جولائی کو اسلام آباد میں کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس ہوگی اور 31جولائی کو لاہور سے واہگہ تک آزادی کشمیر مارچ ہوگا۔ بھارتی فوج نے ایک ہفتہ کے اندر 45نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کردیا ہے ،دوہزار سے زائد زخمیوں کو ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں نہیں دی جارہیں۔ سینکڑوں بچوں اور خواتین کو بھی بھارتی قابض فوج نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیا ہے ،سینکڑوں لوگوں کی آنکھوں کی روشنی چھین لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر ریاستی مظالم کے سامنے کشمیری عوام جرا ٓت اور استقامت کا پہاڑ بنے ہوئے ہیں اور عالمی برادری کو پیغام دے رہے ہیں کہ وہ آزادی کے مطالبے سے کسی قیمت پر دستبردار نہیں ہونگے۔کشمیری پاکستان پر کٹ رہے ہیں لیکن ہمارے ہاں ہر کوئی اپنی بات کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر میں رائے شماری کیلئے اقوام متحدہ میں آواز بلند کرے اور اس حوالے سے عالمی ادارہ انصاف سے رجوع کیا جائے، ہم پاکستانی قوم کی طرف سے سیدعلی گیلانی سمیت تما م حریت رہنماﺅں اور کشمیر ی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی صورت میں  انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مزید :

قومی -