شارجہ میں شادی ، ہنی مون پر روانہ ہونے کیلئے میاں بیوی ائیرپورٹ پہنچے تو جہاز پر بیٹھنے ہی نہ دیا گیا ،ائیرلائن نے ایسا جواب دے دیا کبھی خوابوں میں بھی نہ سوچا تھا، ساری خوشیاں پانی میں مل گئیں کیونکہ۔۔۔
شارجہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) متحدہ عرب امارات میں پولیس نے ایک ایسے شاطر بھارتی ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے جو سادہ لوح لوگوں کو پرکشش ٹریول پیکج کے نام پر دھوکا دے کر ڈیڑھ لاکھ درہم سے زائد کے جعلی ٹکٹ بیچ چکا ہے۔ اس بدبخت کی بے رحمی کا عالم دیکھئے کہ ہنی مون کے لئے بیرون ملک بھیجنے کے نام پر ایک نئے نویلے جوڑے کو بھی لوٹ لیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو 14 مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے خورفقان کے علاقے سے بھارتی فراڈیے کو گرفتار کر لیاگیا۔ اس شخص نے درجنوں جعلی بکنگ کروائی تھیں اور جعلی ٹکٹ بڑی تعداد میں بیچے تھے ۔
اس کے سفاکانہ فراڈ کا نشانہ وہ اماراتی جوڑا بھی بن گیا جو ہنی مون کے لئے مالدیپ جانا چاہ رہا تھا۔ بیچارے دلہے نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اس کیلئے مالدیپ کے ایک ہوٹل میں بکنگ کروانے کا جھانسہ دیا تھا اور ٹکٹ بھی فراہم کئے تھے۔ جب وہ اپنی دلہن کے ساتھ ائیر پورٹ پہنچا تو پتہ چلا کہ اس کے ٹکٹ جعلی تھے اور اس کے نام پر ہوٹل میں بھی کوئی بکنگ نہیں ہوئی تھی۔ ہنی مون کے لئے مالدیپ جانے کا خواب دیکھتے جوڑے کو دھوکا باز ایجنٹ نے لوٹ کر ان کے سارے خواب چکنا چور کر دیئے۔
پولیس جب ملزم کا سراغ لگاتے ہوئے اس تک پہنچی تو وہ اپنا سامان باندھ چکا تھا اور متحدہ عرب امارات سے فرار ہونے کی تیاری مکمل کر چکا تھا ۔ شارجہ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹکٹ خریدے اور بکنگ کروانے کیلئے صرف منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں سے رابطہ کریں، یا براہ راست ائیرلائن کی خدمات حاصل کریں تاکہ جرائم پیشہ افراد سے بچ سکیں۔