ریونیو افسروں کی الیکشن مصروفیات،اربن ایریاز کی جمع بندیاں نامکمل
لاہور(عامر بٹ سے)الیکشن ڈیوٹی میں مصروفیت، محکمہ ریونیو کے انتظامی افسران اربن ایریا جات کے پٹوار خانوں کی جمع بندیاں مکمل کروانے کا ٹاسک بھول گئے پٹواریوں نے اعلیٰ افسران کی عدم دلچسپی کے باعث اربن ایریا میں جمع بندیوں کی تکمیل ادھوری چھوڑ دی روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو ملنے والی معلومات محکمہ ریونیو کے انتظامی افسران الیکشن ڈیوٹیوں میں مصروف ہو گئے جس کے باعث ضلع لاہور کے اربن ایریا جات کے پٹوار خانوں میں ریکارڈ کی درستگی اور جمع بندیوں کی بروقت تکمیل جیسی اہم ذمہ داری ادھوری چھوڑ دی گئی ہے جس کے باعث اغلاط سے بھرا ریکارڈ تاحال استعمال کیا جا رہا ہے اور ضلع لاہور کی عوام ریونیو سٹاف کی جانب سے کی جانے والی سنگین غلطیوں کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو ملنے و الی معلومات کے مطابق تحصیل سٹی کے پٹوار سرکل بیلہ بستی رام، کھوٹی میراں، شاہدرہ، کوٹ جمبوں، نواں کوٹ، کھاڑک، چک جیا موسیٰ، لاور خاص، راج گڑھ سیش محل، گنج کلاں، مزنگ، ساندہ کلاں، سگیاں کلاں سمیت دیگر موضع جات شامل ہیں اس طرح تحصیل شالیمار میں ہربنس پورہ، تاج پورہ ، ساہواڑی، کوٹلی پیر عبدالرحمان ، قلعہ گوجر سنگھ ، باغبانپورہ، کوٹ خواجہ سعید بیگم پورہ، مومن پورہ کے نام سرفہرست ہیں تحصیل کینٹ میں اراضی سجپال، ملک پور، کوہاڑ، کبیر خورد، کوڑے، ندھیر، چوہنگ خورد کیراں جبکہ رائے ونڈ میں موضع رائی بچوکی، رکھ بیر محکمہ نیویں اور ماڈل ٹاؤن میں کوٹ لکھپت امرسدھو ، بھیکے والی، موضع جات کا ریکارڈ تاحال درستگی کا منتظر ہے دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اویس ملک کا کہنا ہے کہ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کی اس نشاندہی کا نوٹس لیا جائے گا اور کوتاہی برتنے والے سٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
جمع بندیاں