ملتان سمیت مختلف شہروں میں پہلے آندھی پھر بارش،موسم خوشگوار،مرجھائے چہروں پر رونقیں
ملتان،کوٹ ادو،ٹبہ سلطان پور(سپیشل رپورٹر ، تحصیل رپورٹر،نمائدہ پاکستان،سٹی رپورٹر)ملتان اور مضافاتی علاقوں میں 71کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے معمولات زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیئے ،آم کے باغات کو نقصان ،کچا پھل گر گیا مختلف علاقوں میں سائن و ہورڈنگ(بقیہ نمبر44صفحہ7پر )
بورڈ اور درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اس ضمن میں محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ سہ پہر تین بجکر 24منٹ پر70.8کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے معمولات زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیئے آندھی سے آم کے باغات کو خاصا نقصان پہنچا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں سائن و ہورڈنگ بورڈز گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں ۔ملتان میں بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ دن بھر گھنگھور گھٹائیں اور بیشتر مقامات پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز ساون کی پہلی بارش سے ملتان سمیت مضافاتی علاقوں کا موسم خوشگوار رہا ۔ درجہ حرارت میں نمایاں کمی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے ۔ اس ضمن میں گزشتہ روز ملتان اور مضافاتی علاقوں میں دن بھر شدید حبس اور گرمی کے بعد سہ پہر سے بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹنے کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا ہے محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ مزید ایک دو روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔جبکہکوٹ ادو وگردونواح میں دوسرے روز بھی گرد آلودآندھی کے ساتھ ہلکی بوندا باندی،آندھی سے سائن بورڈسمیت کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،بجلی وٹیلی فون کا نظام بھی معطل ہوگیا۔علاوہ ازیں گذشتہ روز کئی روز سے شدید حبس اور گرمی کے بعد ٹبہ سلطان پور کے قریبی علاقوں عبداللہ ، صاحب علی ، چوک میتلا سمیت دیگر علاقوں میں شدید موسلادھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا کاشتکاروں کے مطابق بارش کی کپاس کی فصل کے لئے فائدہ مند ہے واضع رہے کہ گذشتہ کئی روز سے علاقہ شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں تھا جس کی وجہ سے شہریوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں جانور بھی گرمی کے باعث متاثر ہورہے تھے بارش کے بعد ٹھنڈی ہواچلنے سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیاہے ۔اس کے علاوہ ملتان میں بوسن روڈ پرمتروکہ وقف املاک روہتک ہاوس کی ملکیت پر لگادیو ہیکل آدھا ہورڈنگ بورڈ اندھیری کے باعث روڈ پر آن گرا، قریبی علاقہ مکین ،راہگیر ، موٹر سائیکل سواربال بال محفوظ رہے،دوکانداروں اور علاقہ مکینوں میں خوف وہراس کی فضا پھیل گئی ۔