روس کا ایران کی تیل و گیس کی صنعت میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ
ماسکو (صباح نیوز)ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں کے تناظر میں بڑی مغربی کمپنیاں ایران سے اپنا کاروبار سمیٹ رہی ہیں اور ایسے میں روس نے ایران کی تیل و گیس کی صنعت میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کر لیا ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے روس کی توانائی کی بڑی کمپنیوں اور ایرانی وزارت تیل کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کے معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔ ماسکو اور تہران دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھا رہے ہیں اور روس، ایران میں توانائی کے شعبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ایران کے بین الاقوامی معاملات کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے گذشتہ ہفتے ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران کے بین لاقوامی ایٹمی معاہدے کی بھی توثیق کی۔