ٹرمپ سے ملاقات بہت کامیاب اور مفید رہی:روسی صدر وپیوٹن
ہیلسنکی (این این آئی)روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کی امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ’’بہت کامیاب ‘‘ اور مفید رہی ہے۔
جرمن ریڈیو کے مطابق ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی اور شام کی صورت حال سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔پیوٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے درمیان اس پہلی سربراہ ملاقات میں کاروبار دوست کی طرح کا دوستانہ ماحول تھا اور میرے خیال میں بات چیت بہت کامیاب اور مفید رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امریکا کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت سے متعلق الزامات کا معاملہ اٹھایا تھا۔میں نے اپنے اس بیان کا اعادہ کیا تھا اور یہ بات میں پہلے بھی کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ روسی ریاست نے کبھی امریکا کے داخلی امور میں مداخلت کی ہے اور نہ وہ اس کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر کسی پر واضح ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔تاہم ان مشکلات اور موجودہ کشیدہ ماحول کی کوئی معروضی وجوہ نہیں ہیں ۔صدر پیوٹن نے روس اور امریکا کی سکیورٹی سروسز کے درمیان تعاون کو سرا ہا اور کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل تعاون کی حمایت کرتے ہیں ۔