ڈیگاری کان حادثے میں ریسکیو آپریشن مکمل،8کان کن جاں بحق2کو زندہ بچا لیا  

      ڈیگاری کان حادثے میں ریسکیو آپریشن مکمل،8کان کن جاں بحق2کو زندہ بچا لیا ...

  

 کوئٹہ(صباح نیوز)ڈیگاری میں کوئلے کی کان کے حادثے میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیاہے جس کے نتیجے میں 8کان کن جاں بحق اور 2کو زندہ بچا لیا گیا۔ بلوچستان کے  علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، اتوار کی رات سے شروع ہونے والے ریسکیو آپریشن میں 10کان کنوں کو باہر نکالا گیا جس میں سے 6مردہ پائے گئے جب کہ 4مزدوروں کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2مزدور تشویشناک حالت کے بعد چل بسے۔بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیگاری کوئلہ کان میں پھنسے تمام افراد کو نکال لیا گیا، کان حادثے میں 8افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 2کو بے ہوشی کے حالت میں نکال لیا گیا، بے ہوش کانکنوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ڈیگاری میں حادثے کا شکار ہونے والی کان کوئٹہ سے60کلومیٹردور ہے، کان کی گہرائی4500فٹ ہے، کان کے اندر بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے باعث گیس بھری۔واضح رہے کہ اتوار کی رات ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں حادثے کے باعث مزدور پھنس گئے تھے جن کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جب کہ رواں سال اب تک مختلف حادثات میں 82کان کن جاں بحق اور 75زخمی ہوئے ہیں۔

ڈیگاری کان

مزید :

صفحہ آخر -