ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ِسابق صدور کا وفاقی کابینہ کے احتساب کا مطالبہ
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور نے وفاقی کابینہ کے احتساب کا مطالبہ کر دیا، لاہورہائیکورٹ بار کے سابق صدورشفقت محمود چوہان، راہنماتحریک انصاف احمد اویس، رانا ضیاء عبدالرحمن، اصغرگل، چودھری ذوالفقار اور حافظ عبدالرحمن انصاری کے دستخطوں سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ پہلے وزیراعظم اپنی کابینہ کا احتساب کرکے مثال قائم کریں۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے ان کے اثاثے ذرائع آمدنی سے زیادہ ہیں،ان کا احتساب ہونا چاہیے،جاری بیان میں کہا گیا کہ فواد چودھری اپنے چچا سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ افتخار حسین کے دور میں من پسند فیصلے لیتے رہے،وہ پوسٹنگ ٹرانسفر کے لئے لوگوں سے بھاری پیسے لیتے رہے، اس کرپشن کو سامنے لانے کے لئے ان کی فسٹ لاء کمپنی کے اکاؤنٹس کی چھان بین کی جائے، یادرہے کہ فواد چودھری نے دو روز قبل پروفیشنل گروپ کے سربراہ،تحریک انصاف کے راہنمااور ممتاز قانون دان حامد خان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا جبکہ حامد خان اپنی کتاب میں فواد چودھری پر بطور وکیل کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرچکے ہیں۔